بنگلہ دیش کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے ساتھ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں کیویز کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی ہے۔ بنگلہ دیش نے پہلی بار نیوزی لینڈ کو کسی ٹیسٹ میچ میں ہرایا ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہر ماؤنٹ منگونوئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں صرف 40 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بنگلہ دیش کی یہ فتح اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ اس نے پہلی بار کسی بھی فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کو اُسی کے ملک میں شکست دی ہے اور پہلی ہی بار نیوزی لینڈ سے کوئی ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔
اس کے علاوہ بنگلہ دیش نے بیرون ملک پہلی بار آئی سی سی کی ٹاپ فائیو رینکنگ میں موجود کسی ٹیم کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے اب تک اپنے ملک سے باہر 61 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں سے وہ صرف چھ میچز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ نے گزشتہ چار برسوں میں 16 ہوم ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں اور ان میچز میں یہ کیویز کی پہلی شکست ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں کیویز ٹیم اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہاری تھی۔
بنگلہ دیش کی اس جیت میں فاسٹ بالر عبادت حسین نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دوسری اننگز میں اپنے کریئر کی بہترین بالنگ کرتے ہوئے 46 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔ اسی کارکردگی کے باعث وہ میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 328 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 458 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 130 رنز کی برتری حاصل ہوئی جس کے بعد دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی اور صرف 169 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کھیل کے آخری روز 40 رنز کا آسان ہدف بنگلہ دیش نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ بنگلہ دیش نے یہ ہدف 16 اعشاریہ 5 اوورز میں حاصل کیا۔
فتح کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم نے بھرپور انداز میں جشن بھی منایا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم کو گزشتہ برس اپنی آخری ٹیسٹ سیریز میں پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔