رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹی20: نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کو 47 رنز سے شکست


بھارت کی پوری ٹیم 127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 79 رنز پر آؤٹ ہوگئی جو ٹی20 کرکٹ میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر 'آئی سی سی' کی کسی بھی فل ممبر ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔

ورلڈ ٹوئنٹی20 کے'سپر 10' مرحلے کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان بھارت کو 47 رنز سے ہرادیا ہے۔

ناگپور میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کی پوری ٹیم127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 79 رنز پر آؤٹ ہوگئی جو ٹی20 کرکٹ میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر 'آئی سی سی' کی کسی بھی فل ممبر ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم کرائسٹ چرچ میں پاکستان کے خلاف 80 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئی تھی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے تسلیم کیا ہے کہ پچ بیٹنگ کے لیے خاصی مشکل تھی جس کا فائدہ ان کے بولرز نے اٹھایا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتےہوئے بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ وکٹ لو اسکورنگ تھی لیکن ان کے بلے بازوں نے بھی بہت خراب کارکردگی دکھائی۔
پیر کو ورلڈ ٹی20 کے گروپ – 2 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کو پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر اپنی پہلی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جس کے بعد کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

کیویز کی جانب سے کوری اینڈرسن 34 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ لیوک رونچی نے 21 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

جواباً بھارت کی ٹیم نے 127 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی بلے بازوں کی ایک کے بعد ایک پویلین واپسی جاری رہی اور پوری بھارتی ٹیم 1ء18 اوور میں صرف 79 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی جانب سے کپتان دھونی 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ورات کوہلی نے 23 اور روی چندرا ایشون نے 10 رنز بنائے۔ کوئی اور بھارتی کھلاڑی ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 11 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔ اِش سوڈی نے 18 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیتھن مک کیلم نے دو اور ایڈم ملن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ میں فتح کے بعد نیوزی لینڈ دو پوائنٹس کے ساتھ گروپ - 2 میں سرِ فہرست ہے۔ ٹورنامنٹ اور گروپ کا اگلا میچ بدھ کو کلکتہ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ہوگا۔

XS
SM
MD
LG