رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ کی افغانستان کو شکست، بھارت ایونٹ سے باہر


نیوزی لینڈ کے کپتان کین ویلم سن بیٹنگ کرتے ہوئے
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ویلم سن بیٹنگ کرتے ہوئے

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے جب کہ بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔

اتوار کو ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 125 رنز کا ہدف دیا جو اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیم سن نے 42 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی کامیابی کے ساتھ ہی بھارت کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سفر تمام ہو گیا ہے اور اب وہ پیر کو اپنا آخری میچ نمیبیا کے خلاف کھیلے گا جس کے نتیجے کا ایونٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

افغانستان کی ٹیم شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی ہے اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ البتہ نجیب اللہ زادران اور محمد نبی نے اننگز کو کچھ سہارا دیا اور پانچویں وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔

نجیب اللہ زادران 48 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

محمد نبی 20 گیندوں پر 14 رنز بنا کر نمایاں رہے، افغانستان کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ٹم ساؤتھی چار اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

دوسری جانب بھارت کے ایونٹ سے باہر ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ ہے۔ جہاں بھارتی شائقین ٹیم کے ایونٹ سے باہر ہونے پر اداس ہیں تو وہیں پاکستانی شائقین بھی طنز کے تیر چلانے میں پیچھے نہیں ہیں۔

سید حمید نامی صارف نے اپنی ٹوئٹ میں ایک تصویر شیئر کی جس کا عنوان تھا 'انڈیا مشکل صورتِ حال میں۔'

معروف بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے ٹوئٹ کی کہ بھارت اس ورلڈ کپ سے صرف 30 منٹ کے برے کھیل کے باعث باہر نہیں ہوا بلکہ اس ایونٹ میں بہت سے ایسے لمحات آئے۔

سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی کارکردگی کو بھارتی سیاست سے جوڑ دیا اور بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ختم، بائی بائی، ٹاٹا، گڈ بائی۔'

ایک ٹوئٹر صارف نے ایک سڑک کے سائن بورڈ کی میم شیئر کی جس میں بھارتی ٹیم کو ممبئی ایئرپورٹ کے راستے مڑتے دکھایا گیا۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے بھارتی کپتان وراٹ کوہلی اور افغانستان کے اسپنر راشد خان کی تصویر شیئر کی جس پر لکھا گیا تھا کہ 'میں اور میرا دوست گھر جانے کے لیے ایئرپورٹ پر'

XS
SM
MD
LG