رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: 'آسٹریلیا سے سعید اجمل کو لگنے والے تین چھکوں کا بدلہ لینا ہے'


پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی سعید اجمل کو تین چھکے لگنے کے بعد حوصلہ دے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)
پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی سعید اجمل کو تین چھکے لگنے کے بعد حوصلہ دے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)

چودہ مئی 2010 کو سینٹ لوسیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جب پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا تو پاکستانی کرکٹ شائقین کو یقین تھا کہ آسٹریلوی بلے باز سعید اجمل، شاہد افریدی اور محمد حفیظ کی گھومتی گیندوں کے سامنے زیادہ دیر تک نہیں ٹھیر سکیں گے۔

یہ توقعات آسٹریلیا کی اننگز کے 20 ویں اوور تک برقرار رہیں کیوں کہ جب کپتان شاہد آفریدی نے آخری اوور کے لیے گیند سعید اجمل کو تھمائی تو آسٹریلیا ہدف سے اب بھی 18 رنز دور تھا لیکن کریز میں مائیکل ہسی کی صورت میں پاکستانیوں کے لیے ایک خطرہ بھی موجود تھا۔

یہ ان دنوں کی بات ہے جب سعید اجمل اپنے کریئر کے عروج پر تھے اور اُن کی جادوئی بالنگ کے سامنے دنیا کے بڑے بلے باز بھی گھٹنے ٹیک دیتے تھے۔

لیکن اس دن مائیکل ہسی کسی اور ہی موڈ میں تھے۔ آخری اوور کی پہلی گیند پر آسٹریلوی فاسٹ بالر مچل جانسن نے سنگل لے کر اسٹرائیک مائیکل ہسی کو دی جس کے بعد اُنہوں نے سعید اجمل کو تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر آسٹریلیا کو جتوا دیا اور سعید اجمل گراؤنڈ میں بے بسی کی تصویر بن گئے۔

گیارہ برس بعد ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور پاکستان کے مدِمقابل آ رہے ہیں۔

اپنی ٹیم سے اُمیدیں باندھے پاکستانی شائقین سوشل میڈیا پر 2010 کے اس میچ کو یاد کر کے اُمید کر رہے ہیں کہ اس بار پاکستان نہ صرف 2010 بلکہ 2015 اور 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ میچز میں آسٹریلیا سے شکست کا بدلہ چکا دے گا۔

ٹوئٹر پر بھی پاکستانی صارفین جہاں 2010 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل کی تلخ یادیں تازہ کر رہے ہیں تو وہیں 2021 میں آسٹریلیا سے متوقع سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔

کرامت علی نامی صارف لکھتے ہیں کہ اس دفعہ نہ تو کوئی سعید اجمل بنے اور نہ ہی کوئی کسی کو مائیکل ہسی بننے دیا جائے گا۔

روح اللہ جان نامی صارف لکھتے ہیں کہ آسٹریلیا سے بدلہ لینے کا وقت آ گیا ہے۔

عثمان ظفر اقبال نے ٹوئٹ کی کہ کس کس کو 2010 کا سیمی فائنل یاد ہے، انشااللہ اس دفعہ تاریخ نہیں دہرائی جائے گی۔

نوید انجم نے ٹوئٹ کی کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو 1987 کے ون ڈے ورلڈ کپ سیمی فائنل، 1999 کے فائنل اور 2010 کے ٹی ٹوئنی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ہرایا تھا۔ لہٰذا ٹوئٹ کا مقصد یہ ہے کہ کوئی یہ سب آصف علی کو بتا دے پھر آصف علی جانے اور آسٹریلیا جانے۔

اُسامہ نامی صارف نے ایک میم شیئر کی ہے جس میں ''بابر اعظم کہہ رہے ہیں کہ سب کا بدلہ لے گا تیرا بابر۔''

XS
SM
MD
LG