رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ نے تیسرا ون ڈے اور سیریز اپنے نام کر لی


پاکستان کے کپتان اظہر علی (فائل فوٹو)
پاکستان کے کپتان اظہر علی (فائل فوٹو)

کھیل کے آخر میں میچ سنسنی خیز لمحات میں داخل ہو چکا تھا لیکن کیوی بلے باز سانٹر نے وہاب ریاض کے آخری اوور میں دو چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو، صفر سے جیت لی۔

آکلینڈ میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 291 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس کلیے کے تحت اسے 43 اوورز میں 263 رنز بنانے تھے۔

میزبان ٹیم نے یہ ہدف 42.2 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ اور سیریز جیت لی۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے ابتدائی بلے باز اور کپتان برینڈن مکلم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ لیکن گپٹل اور ولیمسن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کے لیے ہدف کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

گپٹل تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 82 جب کہ ولیمسن تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد پاکستانی باؤلر میچ کو اپنی گرفت میں لینے میں کسی حد تک کامیاب رہے لیکن پھر بارش کی وجہ سے کھیل کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا اور 50 اوورز میں 291 رنز کا ہدف 43 اوورز میں 263 رنز تک محدود کر دیا گیا۔

کھیل کے آخر میں میچ سنسنی خیز لمحات میں داخل ہو چکا تھا لیکن کیوی بلے باز سانٹر نے وہاب ریاض کے آخری اوور میں دو چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور کپتان اظہر علی نے دو، دو جب کہ محمد عرفان، وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان کی اننگز میں بابر اعظم 83 اور محمد حفیظ 76 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

میزبان ٹیم کی طرف سے ملن نے تین، بولٹ اور ہنری نے دو، دو جب کہ اینڈرسن اور سانٹر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ مارٹن گپٹل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے 70 رنز سے جیتا تھا جب کہ دوسرا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل دورہ نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی میزبان ٹیم نے دو، ایک سے جیت لی تھی۔

XS
SM
MD
LG