رسائی کے لنکس

زلزلے سے متاثرہ کرائسٹ چرچ کی تعمیر نو کا عزم


کرائسٹ چرچ کی مانچسٹر اسٹریٹ میں زلزلے سے تباہی کا ایک منظر
کرائسٹ چرچ کی مانچسٹر اسٹریٹ میں زلزلے سے تباہی کا ایک منظر

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے کرائسٹ چر چ کی تعمیرِنو کا عزم کرتے ہوئے زلزلہ زدگان کو یقین دلایا ہے کہ ” قدرت کے اس بے رحم فعل“ کا شکار ہونے کے باوجود یہ شہر ایک بار پھر بلند ہوگا۔

منگل کو 6.3 تین شدت کے طاقتور زلزلے نے ملک کے اس جنوبی شہر کی عمارتوں کو تباہ اور کم ازکم 75 افراد کو ہلاک کردیا۔

بدھ کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا ہر باشندہ ملک کے اس دوسرے بڑے شہر سے کوئی نہ کوئی تعلق رکھتا ہے۔” کرائسٹ چرچ،آج تمام نیوزی لینڈ تمہارے لیے غمزدہ ہے۔“

جان کی، جن کی اپنی پیدائش بھی اسی جنوبی جزیرہ نما شہر میں ہوئی، کا کہناتھا کہ اُنھیں فخر ہے کہ وہ بھی کرائسٹ چرچ کے بیٹوں میں سے ہیں۔ اُنھوں نے عالمی برادری کی طرف سے زلزلہ زدگان کے لیے امداد پر مسرت کا اظہار کیا اور شہر کے باشندوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اُن کی یہ مشکل گھڑی جلد ختم ہوگی۔

”کرائسٹ چرچ آج سے تمہاری عظیم واپسی کا آغاز ہو رہا ہے۔ اگرچہ تمہاری عمارتیں ٹوٹ گئی ہیں ، سڑکیں ختم ہوگئی ہیں اور تم دلبرداشتہ ہو لیکن اپنی ہمت سے تم اس صورت حال پر قابو پالوگے۔“

پچھلے پانچ ماہ میں اس شہر میں دوسری مرتبہ زلزلہ آیا ہے لیکن ستمبر میں 7 شدت کے زلزلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔ منگل کو آنے والے زلزلے نے کرائسٹ چرچ کے مرکزی حصے کو بری طرح متاثر کیا۔

XS
SM
MD
LG