رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ میں زلزلہ، 65 ہلاک


نیوزی لینڈ میں زلزلہ، 65 ہلاک
نیوزی لینڈ میں زلزلہ، 65 ہلاک

نیوزی لینڈ کے دوسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں منگل کو ایک طاقتور زلزلے میں کم از کم 65 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ امدادی ٹیمیں زلزلے کے جھٹکو ں سے منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

گزشتہ پانچ ماہ میں اس شہر میں آنے والے یہ دوسرا زلزلہ ہے۔ وزیر اعظم جان کی نے مقامی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ” ہو سکتا ہے نیوزی لینڈ کی تاریخ کا یہ سیاہ ترین دن ثابت ہو۔“

6.3 شدت کا زلزلہ دوپہر کے وقت آیا جب شہر کی سڑکوں اور بازاروں میں لوگوں کا ہجوم تھا اور دفاتر میں کام بھی جاری تھا۔ کرائسٹ چرچ کے میئر کے مطابق چار لاکھ آبادی والا یہ شہر میدان جنگ کا نقشہ پیش کررہا ہے۔

ملک میں بڑے ہسپتالوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے جگہ کا بندوبست کریں ۔ ایمبولینس گاڑیوں کی کمی کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ دو بسو ں پر بھی گرا۔ تاہم اس واقعہ میں ہونے والے جانی نقصان کی مستند خبر نہیں ملی ہے۔

زلزلے کی زمین میں گہرائی صرف چار کلومیٹر بتائی گئی ہے اور اس کا مرکز کرائسٹ چرچ کے جنوب مغرب میں دس کلومیٹر تھا۔ گزشتہ ستمبر میں آنے والے زلزلے کی شدت 7.1 تھی۔اس کی گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

نیوزی لینڈ میں ہر سال اوسطاََ چودہ ہزار زلزلے آتے ہیں جن میں سے تقریباََ بیس کی شدت پانچ ہوتی ہے۔

1931ء میں نیو زی لینڈ کے ہاکس بے کے علاقے میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 256 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG