رسائی کے لنکس

نڈال آسٹریلین اوپن سے باہر، مرے سیمی فائنل میں پہنچ گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عالمی نمبر ایک رافیل نڈال آسٹریلین اوپن کےکوارٹر فائنل میں اپنے ہی ہم وطن ڈیوڈ فیرر سے شکست کھانے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

بدھ کے روز میلبورن میں ہونے والے کوارٹر فائنل کے ابتدائی مرحلے میں ہسپانوی نڈال پیر پر چوٹ لگنے کے بعد اپنے ہم وطن عالمی نمبر سات ڈیوڈ فیرر کے جارحانہ حملوں کے آگے نہ ٹہر سکے اور 4-6، 2-6 اور 3-6 سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔

ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں شکست کے ساتھ ہی رافیل نڈال کا بیک وقت تمام چار گرینڈ سلیم ٹائٹل ہولڈر بننے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا ہے۔ اگر رافیل آسٹریلین اوپن میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے تو وہ بیک وقت تمام گرینڈ سلیم ٹائٹل رکھنے والے تاریخ کے تیسرے اور 1969 کے بعد پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیتے۔

گزشتہ سال بھی نڈال سال کے پہلے گرینڈ سلیم ایونٹ قرار دیے جانے والے آسٹریلین اوپن کے کوارٹرفائنل میں بالکل اسی طرح گھٹنے کی چوٹ کے بعد برطانیہ کے اینڈی مرے سے شکست کھا کر مقابلے سے باہر ہوگئے تھے۔

اس سے قبل بدھ کو ہونے والے ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے یوکرین کے الیگزنڈر ڈولگوپولو کو ہرا کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

ففتھ سیڈ اینڈی مرے نے اپنے حریف کو 5-7، 3-6، 7-6 اور 3-6 سے شکست دی۔ سیمی فائنل میں مرے کا مقابلہ ڈیوڈ فیرر سے ہوگا۔

خواتین کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں کم کلجسٹرز نے اگنیسکا رڈوانسکا کو 3-6 اور 6-7 جبکہ ویرا زواناریوا نے پیٹرا کیوی ٹووا کو 2-6 اور 4-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔

XS
SM
MD
LG