رسائی کے لنکس

نائیجیریا: بم دھماکے میں کم ازکم 19 ہلاک


پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ بڑی اسکرین پر نائیجیریا اور ارجنٹائن کے مابین فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے جمع تھے۔

نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا کے ایک شاپنگ سنٹر میں ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم 19 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں یہاں لوگ بڑی اسکرین پر نائیجیریا اور ارجنٹائن کے مابین فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے جمع تھے۔

دھماکے سے جائے وقوع پر ہر طرف انسانی اعضا بکھرے پڑے تھے اور شاپنگ سینٹر کے باہر کھڑی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ بعض عینی شاہدین کے مطابق یہ بم موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص نے پھینکا تھا۔

تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن شدت پسند تنظیم بوکو حرام ایسی ہی پرتشدد کارروائیاں کرتی آ رہی ہے۔

وائس آف امریکہ کی نامہ نگار ہیتھر مرڈوک نے جائے وقوع سے خبر دی کہ وہاں متعدد عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جب کہ 17 گاڑیاں جل کر بالکل تباہ ہو گئیں۔

ابوجا کو حالیہ مہینوں میں ہلاکت خیز بم حملوں کا سامنا رہا ہے۔

اپریل میں ابوجا کے مضافات میں ایک بس ٹرمینل پر ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم 70 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس واقعے کی ذمہ داری بوکو حرام نے قبول کی تھی۔ یہ شدت پسند گروپ نائیجیریا کے شمال میں ایک سخت گیر اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے اب تک کی پرتشدد کارروائیوں میں گزشتہ پانچ سالوں میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دارالحکومت ہی میں گزشتہ ماہ ایک بس اڈے پر ہونے والے کار بم حملے میں 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG