نائیجیریا میں ایک مسجد میں دو دھماکوں سے کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ خودکش دھماکے جمعرات کی شام نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر میدوگوری میں ہوا۔
عہدیداروں کے مطابق معلائی کے مضافاتی علاقے میں ایک خودکش بمبار نے مسجد کے اندر دھماکا کیا، جب کہ دوسرے خودکش حملہ آور نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں اُس وقت دھماکا کیا جب لوگ وہاں سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس شہر میں اس سے قبل شدت پسند گروپ بوکو حرام اس طرح کی کارروائیاں کرتا رہا ہے۔
تاہم جمعرات کو ہونے والے ان بم حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے تسلیم نہیں کی۔
اس سے قبل منگل کو میدوگوری میں تین بم دھماکوں میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ گزشہ ماہ شہر میں ہونے والے تین بم دھماکوں میں درجنوں افراد مارے گئے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے ہی امریکہ کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ وہ بوکوحرام کے شدت پسندوں کی فضائی نگرانی کے لیے اپنے فوجی اہلکار کیمرون بھیج رہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام اُس علاقائی جدوجہد کا ایک حصہ ہے جس میں نائیجیریا کے شدت پسند گروہ اور دیگر انتہا پسندوں کے پھیلاؤ کو روکنا مقصود ہے۔
شدت پسند تنظیم بوکو حرام شمالی کیمرون میں بھی سرگرمِ عمل ہے، البتہ اس گروہ کا مرکز سرحد پار شمال مشرقی نائیجیریا میں ہے۔