رسائی کے لنکس

logo-print

نائیجیریا: اسکول میں خودکش دھماکے سے 47 افراد ہلاک


ابتدائی معلومات کے مطابق خودکش بمبار اسکول یونیفارم میں ملبوس تھا جس نے اس وقت اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کیا جب اسکول میں طلبا اسمبلی کے لیے موجود تھے۔

نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر پوٹسکم میں پیر کو ایک اسکول میں ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں کم ازکم 47 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں اکثریت طلبا کی بتائی جاتی ہے۔

ریاست یوب کے مرکزی شہر میں مقامی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خودکش بمبار اسکول یونیفارم میں ملبوس تھا جس نے اس وقت اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کیا جب اسکول میں طلبا اسمبلی کے لیے موجود تھے۔

فوجی اہلکار جائے وقوع پر پہنچے لیکن وہاں موجود مقامی لوگوں نے ان پر پتھراؤ کیا۔

یہ لوگ پانچ سال سے جاری ہلاکت خیز شدت پسندی سے نمٹنے میں فوج سے نالاں تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق گورنمنٹ ٹیکنیکل سائنس سیکنڈری اسکول میں دھماکے کے وقت لگ بھگ دو ہزار طلبا موجود تھے۔

اس دھماکے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

اسپتال میں موجود طبی عملے کے مطابق مرنے والوں میں اکثریت کی عمریں 11 سے 20 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہیں۔

نائیجیریا میں بوکو حرام نامی شدت پسند گروپ ہلاکت خیز حملے کرتا آرہا ہے لیکن اس تازہ واقعے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

XS
SM
MD
LG