رسائی کے لنکس

امریکہ: سالگرہ کی تقریب میں چاقو کے وار سے نو پناہ گزین زخمی


وہ عمارت جہاں واقعہ پیش آیا۔
وہ عمارت جہاں واقعہ پیش آیا۔

زخمی ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق مختلف مسلمان ملکوں سے ہے جو حال ہی میں پناہ کی غرض سے امریکہ آئے تھے۔

امریکہ کی ریاست آئیڈاہو میں ایک تین سالہ بچے کی سالگرہ کی تقریب میں ایک شخص نے چاقو کے وار کرکے نو افراد کو زخمی کردیا ہے۔

زخمی ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق مختلف مسلمان ملکوں سے ہے جو حال ہی میں پناہ کی غرض سے امریکہ آئے تھے۔

پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شب آئیڈاہو کے مرکزی شہر بوائزی کی ایک رہائشی عمارت میں پیش آیا جہاں مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے مہاجر خاندان آباد ہیں۔

زخمی ہونے والوں میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق حملہ آور اسی عمارت میں رہائش پذیر تھا جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نے ملزم کی شناخت 30 سالہ ٹمی کِنر کے نام سے کی ہے جس کا تعلق لاس اینجلس سے ہے۔ حکام کے مطابق ملزم تارکِ وطن نہیں اور اسے ایک روز قبل ہی عمارت کی ایک رہائشی خاتون نے گھر چھوڑنے کا کہا تھا۔

علاقہ پولیس کے سربراہ ولیم بونز نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ ملزم نے یہ کارروائی خود کو گھر سے نکالے جانے کا بدلہ لینے کے لیے کی۔

ان کے مطابق ملزم کو عمارت کی رہائشی ایک خاتون نے اپنے گھر ٹہرنے کی اجازت دی تھی لیکن بظاہر اس کے رویے کی وجہ سے خاتون نے اسے جمعے کو گھر چھوڑنے کا کہا تھا۔

پولیس چیف نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم مذکورہ خاتون کی تلاش میں آیا تھا لیکن خوش قسمتی سے وہ واقعے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھیں۔

حملے میں محفوظ رہنے والے بچے صحافیوں کو واقعے کی تفصیلات بتا رہے ہیں۔
حملے میں محفوظ رہنے والے بچے صحافیوں کو واقعے کی تفصیلات بتا رہے ہیں۔

ملزم نے خاتون کے نہ ملنے پر گھر میں موجود بچوں پر چاقو کے وار کیےجو وہاں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے جمع تھے۔

پولیس چیف کے مطابق زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں تین سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ بچوں کو بچانے کی کوشش کرنے والے تین افراد بھی ملزم کے چاقو کے وار سے زخمی ہوئے ہیں۔

تقریب میں موجود کئی بچوں نے بھاگ کر اور الماریوں میں چھپ کر اپنی جان بچائی۔

پولیس چیف کے مطابق زخمی ہونے والوں کا تعلق شام، عراق اور ایتھوپیا سے ہے اور ان میں سے چار کی حالت نازک ہے۔

نشانہ بننے والے بیشتر افراد نے اپنے اپنے ملکوں میں جاری تنازعات اور مسائل کے باعث حال ہی میں امریکہ میں پناہ لی تھی۔

ایک مقامی اخبار کے مطابق جس عمارت میں حملہ کیا گیا وہ بوائزی کی ایک رضاکار تنظیم کے زیرِ انتظام ہے کہاں کم آمدنی والے اور تارکِ وطن خاندان رہائش پذیر ہیں۔

امریکی ریاست آئیڈاہو کا شمار امریکہ کی قدامت پسند ریاستوں میں ہوتا ہے تارکینِ وطن کی آمد اور ان کی آبادکاری مقامی آبادی کے لیے ایک مسئلہ رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG