رسائی کے لنکس

شہروز کاشف: 19 برس کی عمر میں کے ٹو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما


شہروز کاشف
شہروز کاشف

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف 19 برس کی عمر میں سطح سمندر سے آٹھ ہزار 611 میٹر بلند چوٹی کے ٹو سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز کاشف اس سے قبل دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی سر کر چکے ہیں جب کہ اُنہوں نے محض 17 برس کی عمر میں دنیا کی بارہویں بلند چوٹی براڈ پیک بھی سر کی تھی۔

شہروز کاشف نے منگل کی صبح آٹھ بجے کے قریب کے کے ٹو سر کیا اور وہاں پاکستان کا پرچم لہرایا۔

پاکستان کے انگریزی اخبار 'ڈان' کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ساجد سدپارہ نے 20 برس کی عمر میں کے ٹو سر کر کے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ساجد سدپارہ رواں برس سردیوں میں کے ٹو سر کرنے کی کوشش میں ہلاک ہونے والے کوہ پیما محمد علی سد پارہ کے صاحبزادے ہیں۔

شہروز کاشف کے اس کارنامے پر سوشل میڈیا پر بھی اُن کی ستائش کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے دفتر کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں شہروز کاشف کے کے ٹو سر کرنے پر پاکستانیوں کو مبارک باد دی گئی ہے۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی شہروز کاشف کو مبارک باد پر مبنی ٹوئٹ کی۔

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں شہروز کاشف کے اس کارنامے پر انہیں داد دی گئی ہے۔

قومی کرکٹر احمد شہزاد نے بھی شہروز کاشف کی تعریف کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ہمیں آپ پر فخر ہے۔

XS
SM
MD
LG