رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا معاملہ الجھ گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ ایکٹر شاہ رخ خان کو دہلی کی ایک یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا معاملہ تنازع کا شکار ہوگیا ہے۔

دہلی میں واقع 'جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی' بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو سینما اور ثقافت کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینا چاہتی تھی لیکن وہ متعلقہ اداروں سے یہ درخواست کرکے الجھن کا شکار ہوگئی ہے۔

وزارت برائے انسانی وسائل اور ترقی (ایچ آر ڈی) نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی درخواست پر کہا ہے کہ شاہ رخ خان کو پہلے بھی ایک اور یونیورسٹی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دے چکی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کو 2016ء میں 'مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی' کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جاچکی ہے۔

ایچ آر ڈی کا کہنا ہے کہ ایک فن کار کو ایک ہی قسم کی دو ڈگریاں دینا درست نہیں اور نہ ہی ایک ڈگری کئی بار دینے کا کوئی اصول موجود ہے۔

لیکن بعض اطلاعات کے مطابق بھارت میں ایسا کوئی اصول یا قانون موجود نہیں جو ایک ہی شخص کو ایک سے زائد بار اعزازی ڈگری دینے سے روکتا یا منع کرتا ہو۔

اس سے قبل بھارتی سائنس دانوں سی این آر راؤ اور ایم ایس سوامی ناتھن کو کئی بار اعزازی ڈگری سے نوازا جاچکا ہے۔

شاہ رخ خان فلموں میں آنے سے پہلے 'جامعہ ملیہ اسلامیہ' کے شعبۂ ابلاغ عامہ میں ماسٹرز ڈگری کے طالبِ علم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے سن 1988ء سے 1990ء تک یہیں تعلیم حاصل کی تھی لیکن کسی سبب وہ فائنل امتحان دینے سے رہ گئے تھے۔

یونیورسٹی کی جانب سے شاہ رخ کو اعزازی ڈگری دینے کا معاملہ گزشتہ سال سے لٹکا ہوا ہے اور ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔ یعنی شاہ رخ کو دوسری بار ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملے گی یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG