رسائی کے لنکس

پاکستانی نژاد امریکی فن کار کے لیے عالمی ایوارڈ


پاکستانی نژاد امریکی فن کار کے لیے عالمی ایوارڈ
پاکستانی نژاد امریکی فن کار کے لیے عالمی ایوارڈ

پاکستانی نژاد امریکی فن کار نور نغمی کو ان کی اداکاری کے اعتراف میں بین الاقوامی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

نور نغمی کو امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے 2011ء کے 'ورلڈ میوزک اینڈ انڈی پینڈنٹ فلم فیسٹول' میں 'بہترین معاون اداکار' کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ فلم 'لائف! کیمرا، ایکشن۔۔۔' میں بہترین اداکاری کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

فلم کو "بہترین معاون اداکار" سمیت سات مختلف شعبوں میں ان ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ ایوارڈ جیتنے کےبعد فرطِ جذبات سے نہال نغمی کا کہنا تھا کہ ایوارڈ پانے کی خوشی اور حیرت کے اظہار کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

واشنگٹن میں مقیم نور نغمی نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1964ء میں سات برس کی عمر میں پی ٹی وی لاہور سینٹر کے ایک ڈرامہ سے کیا تھا۔ انہوں نے رانی اور وحید مراد کے ساتھ اپنے دور کی باکس آفس ہٹ فلم 'ترانہ' اور شاہد اور ممتاز کے ساتھ فلم 'خوشبو' میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

نغمی نے ہالی ووڈ کے کئی اہم ستاروں کے ساتھ بھی فلموں میں کام کیا ہے جن میں مائیکل ڈگلس کے ساتھ فلم 'دی سین ٹینل' بھی شامل ہے۔ حال ہی میں انہوں نے 'ٹول باکس بینڈٹ'، 'بگ بلی بینک' اور 'والک اوے' نامی فلموں میں بھی کام کیا۔

نیویارک کی 'امریکن اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ' اور واشنگٹن کے 'امریکن یونیورسٹی' سے فارغ التحصیل نغمی کئی امریکی تھیٹر گروپوں سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں جن کے ساتھ انہوں نے 'آن دی ہیل'، تختِ لاہور'، 'گرین کارڈ'، 'امریکہ چلو' اور 'دی ٹرائل آف داراشکوہ' جیسے ڈراموں میں لازوال کردار ادا کیے۔

نغمی نے پی ٹی وی، اے آر وائی، این ٹی ایم، زی ٹی وی اور ایم ایچ زیڈ جیسے معروف نشریاتی اداروں کے لیے بھی کئی ڈرامے اور میگزین شو تیار کیے ہیں۔ آج کل وہ معروف ہدایت کار روہیت گپتا کے ہمراہ 'مائی بگ فیک انڈین ویڈنگ' نامی فلم کی تیاری میں مصروف ہیں جو رواں برس کے اختتام پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG