رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے رہنما کا امریکہ کو انتباہ


کم جونگ اُن
کم جونگ اُن

ہفتے کو ہونے والی پریڈ بے پناہ عسکری قوت کا بھی ایک مظاہرہ تھا جس میں قطار اندر قطار پریڈ کرتے فوجیوں کے ساتھ ساتھ ٹینک اور میزائل لانچرز بھی شامل تھے۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے متنبہ کیا ہے کہ پیانگ یانگ "امریکہ کی طرف سے کسی بھی طرح کی جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے"۔

یہ بات انھوں نے ہفتہ کو حکمران جماعت "ورکرز پارٹی" کی سترویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پیانگ یانگ میں دوپہر کو شروع ہونے والی پریڈ براہ راست سرکاری ٹی وی پر نشر کی گئی جس میں ہزاروں فوجیوں کو قطاروں میں کم ال سنگ اسکوائر میں پریڈ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

اس تقریب کا آغاز چند گھنٹے تاخیر سے ہوا جس کی وجہ طوفان و بادو باراں تھی لیکن دوپہر کے وقت مطلع صاف ہونے پر تاریخی پریڈ شروع ہوئی۔

جمعہ کو نصف شب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے سالگرہ کی تقریبات کے آغاز پر اپنے مرحوم والد اور دادا کی یادگار پر حاضری دی۔

کوریا کی سنٹرل نیوز ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ تصاویر میں کم کو اس یادگار پر اپنے اجداد کے سامنے جھکتے ہوئے دکھایا گیا۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ عہدیداران بھی یہاں موجود تھے۔

ہفتے کو ہونے والی پریڈ بے پناہ عسکری قوت کا بھی ایک مظاہرہ تھا جس میں قطار اندر قطار پریڈ کرتے فوجیوں کے ساتھ ساتھ ٹینک اور میزائل لانچرز بھی شامل تھے۔

گزشتہ برس سالگرہ کے موقع پر کم جونگ اُن نے اس تقریب میں شرکت نہیں کی تھی اور نہ ہی تقریباً ایک ماہ تک وہ کسی اور عوامی تقریب میں دکھائی دیے۔

اس غیر حاضری کی ممکنہ وجہ ان کی زخمی ٹانگ تھی جس کے علاج کی وجہ سے وہ منظر عام پر نہیں آئے اور یہ قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں کہ شاید اقتدار پر ان کی گرفت کمزور ہو رہی ہے۔

لیکن ہفتہ کو ہونے والی پریڈ سے یہ ظاہر کرنے کی کوشش بھی کی گئی کہ کم اب بھی پوری قوت کے ساتھ اقتدار پر براجمان ہیں۔

XS
SM
MD
LG