رسائی کے لنکس

شمالی کوریا: میزائل منتقل کرنے کے بعد کشیدگی میں اضافہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ پینٹا گون پیانگ یانگ کی دھمکیوں کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔ انھوں نے شمالی کوریا پر زور دیا کہ وہ ایسے خطرناک بیانات سے گریز کرے۔

جنوبی کوریا نے تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے ہاں میزائل کی پوز یشن تبدیل کی ہے لیکن اس تاثر کی نفی کی ہے کہ یہ حملے کی دھمکی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔

جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کم کوان نے جمعرات کو بتایا کہ شمالی کوریا نے ’’خاصے فاصلے تک مار کرنے‘‘ والا ایک میزائل مشرقی ساحل پر منتقل کیا ہے۔ لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکہ تک ہدف کو نشانہ نہیں بنا سکتا۔

مسٹر کم کا کہنا تھا کہ میزائل کی پوزیشن تبدیل کیے جانے کی وجوہات تو معلوم نہیں ہو سکی ہیں لیکن یہ ’’تجربے یا مشق‘‘ کے لیے منتقل کیا جا سکتا ہے۔

جاپان کے ایک اخبار نے خبر دی ہے کہ امریکہ کی انٹیلی جنس سیٹیلائٹ نے ایک دور مار میزائل ’کے این 08‘ کو ریل گاڑی پر منتقل کیے جانے کی نشاندہی کی ہے۔ جنوبی کوریا کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ منتقل کیا جانے والا میزائل درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا ’موسوڈان طرز‘ کا ہے۔

موسوڈان، جسے بی ایم 25 بھی کہا جاتا ہے، 12 سے 19 میٹر لمبا میزائل ہوتا ہے جسے زمین سے داغا جاتا ہے اور یہ 1200 کلوگرام کے روایتی بم لے جاسکتا ہے یا اس پر جوہری ہتھیار بھی نصب کیے جاسکتے ہیں، لیکن بعض مبصرین کا خیال ہے کہ شمالی کوریا کے پاس ایسی صلاحیت موجود نہیں۔

یہ میزائل 3000 کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے جس کا مطلب ہے کہ اگر اسے داغا جاتا ہے تو یہ جنوبی کوریا یا جاپان کو ہدف بنا سکتا ہے۔

ادھر شمالی کوریا کے ریڈیو پر جمعرات کو ملک کی فوج کے جنرل اسٹاف کے نشری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی فوجی سرگرمیوں کی وجہ سے شمال اور جنوب لڑائی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں اور اس کی وجہ امریکہ کی فوجی سرگرمیاں ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس اور پینٹا گون کو باضابطہ طور پر مطلع کیا جاتا ہے کہ امریکہ کی ’’جارحانہ پالیسی اور جوہری خطرے کی پالیسی‘‘ کو شمالی کوریا کچل کے رکھ دے گا۔

اس نشریاتی اعلان میں کہا گیا کہ شمالی کوریا کی فورسز کو حملے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ پینٹا گون پیانگ یانگ کی دھمکیوں کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔ انھوں نے شمالی کوریا پر زور دیا کہ وہ ایسے خطرناک بیانات سے گریز کرے۔

مسٹر ہیگل کا کہنا تھا کہ پینٹاگون ایک جدید ترین میزائل شکن نظام گوام منتقل کررہا ہے۔
بحرالکاہل کے اس جزیرے پر امریکی فضائیہ اور بحریہ کے اڈے ہیں اور یہ ان علاقوں میں شمار ہوتا ہے جس پر شمالی کوریا حملوں کی دھمکی دے چکا ہے۔
XS
SM
MD
LG