رسائی کے لنکس

نئی اِی میلوں کی چھان بین، اوباما کا ’ایف بی آئی‘ سربراہ کے اعلان پر سوال


اوباما نے کہا ہے کہ،’’میرے خیال میں اصول یہ ہوا کرتا ہے کہ جب تفتیش پیش نظر ہو تو اشارے کنایے پر انحصار نہیں کیا جاتا، نا مکمل اطلاع پر آگے نہیں بڑھا جاتا، ہم افشاع ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر کام نہیں کیا کرتے‘‘

جیمز کومی کی جانب سے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن کے وزیر خارجہ کے چار سالہ دور میں اِی میل کے استعمال کے معاملے پر نظر ثانی کا معاملہ سامنے لانے پر، امریکی صدر براک اوباما نے ایف بی آئی کے سربراہ کے اعلان پر سوال اٹھایا ہے، ایسے میں جب آئندہ منگل کو صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں۔
کومی نے گذشتہ ہفتے کانگریس کے قائدین کو بتایا کہ تفتیش کاروں نے کلنٹن کی اِی میل کا پلندہ برآمد کیا ہے جس کا تجزیہ کیا جارہا ہے، تاکہ اس بات کا پتا لگایا جا سکے آیا اِن میں کوئی نئی معلومات تو نہیں کہ ’کلاسی فائیڈ‘ نوعیت کی قومی سلامتی کی دستاویزات سے کیا سلوک کیا گیا۔
جولائی میں کومی نے کہا تھا کہ ’’کلاسی فائیڈ‘‘ مواد سے کلنٹن ’’انتہائی بے احتیاطی‘‘ سے پیش آئیں۔ تاہم، اُنھوں نے کہا تھا کہ یہ مجرمانہ غفلت کا معاملہ نہیں۔

وائٹ ہاؤس کے عہدے کے لیے کلنٹن کی کامیابی کے خواہاں ڈیموکریٹس اور چند ری پبلیکنز نے کومی کے حالیہ اعلان میں منتخب کیے گئے وقت کے معاملے پر نکتہ چینی ہے، چونکہ اُس وقت الیکشن میں محض 11 دِن باقی رہ گئے تھے؛ اور یہ کہ وہ واضح نہیں تھے آیا اِن اِی میلوں میں پچھلی چھان بین کے علاوہ کوئی مزید وزن ہے۔ عام طور پر ایف بی آئی یہ نہیں بتایا کرتا آیا کوئی چھان بین کی جا رہی ہے، خاص طور پر اُس وقت جب انتخابات ہونےو الے ہوں۔ لیکن، کومی نے کہا کہ اُنھوں نے کانگریس کے رہنماؤں سے کہا تھا کہ چھان بین ختم ہوچکی ہے، اس لیے اب ضروری ہوگیا تھا کہ اُنھیں بتایا جائے کہ اسے پھر سے کھولا جارہا ہے۔

ایک آن لائن نیوز سائٹ، ’ناؤ دِس‘ سے انٹرویو میں، جسے بدھ کو جاری کیا گیا، اوباما نے کومی کا نام لے کر اُنھیں مخاطب نہیں کیا۔ صدر نے کہا کہ ’’اُنھوں نے دانستہ کوشش کی ہے کہ یہ بات نہ دکھائی دے کہ میں اس تنازع میں الجھا ہوں، جس معاملے پر گذشتہ چند روز کے دوران کلنٹن اور ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی جانب سے بات کی جارہی ہے‘‘۔

تاہم، اوباما نے مزید کہا کہ ’’میرے خیال میں اصول یہ ہوا کرتا ہے کہ جب تفتیش پیش نظر ہو تو اشارے کنایے پر انحصار نہیں کیا جاتا، نا مکمل اطلاع پر آگے نہیں بڑھا جاتا، ہم افشاع ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر کام نہیں کیا کرتے‘‘۔

ایف بی آئی کے ایجنٹ اُن ہزاروں اِی میلوں کا جائزہ لے رہے ہیں جو طویل مدت سے کلنٹن کی مشیر، ہما عابدین اور اُن کے سابق شوہر کے کمپیوٹر سے برآمد ہوئیں۔

XS
SM
MD
LG