رسائی کے لنکس

صدر اوباما اور پوپ فرانسس کی وہائٹ ہاؤس میں ملاقات


استقبالیہ تقریب سے خطاب میں پوپ فرانسس نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات اور اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔

رومن کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے امریکہ کے صدر براک اوباما سے وہائٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔

پوپ فرانسس کیوبا کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل کو امریکہ پہنچے تھے ۔ بدھ کو اپنے دورے کے پہلے دن کے آغاز پر پوپ امریکی صدر سے ملاقات کے لیے وہائٹ ہاؤس پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

پوپ کے استقبال کی باضابطہ تقریب وہائٹ ہاؤس کے جنوبی باغ میں ہوئی جس میں لگ بھگ 15 ہزار افراد شریک تھے جنہیں تقریب کے لیے بطور خاص مدعو کیا گیا تھا۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ پوپ کے دورے سے متعلق امریکی عوام کا جوش و خروش بحیثیت پوپ ان کے کردار اور ان کی شخصیت کی منفرد خصوصیات کی وجہ سے ہے۔

صدر اوباما نے کہا کہ پوپ ایک عاجز، سادہ، نرم گو اور خوبصورت روح کی مالک شخصیت ہیں جن سے لوگ محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کے محبت اور امید کے پیغام کو امریکہ سمیت دنیا بھر کے لوگوں نے قبول کیا ہے۔

صدر اوباما نے اپنے خطاب میں بحران اور جنگ زدہ علاقوں سے فرار ہو کر محفوظ ملکوں کا رخ کرنے والے پناہ گزینوں کا بھی ذکر کیا اور دنیا بھر میں مذہبی آزادی اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کیوبا اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بحالی میں پوپ فرانسس کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اپنے خطاب میں پوپ فرانسس نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات اور اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔

پوپ نے کہا کہ وہ تمام امریکیوں سے ملتمس ہیں کہ وہ ماحولیات کی تباہی کو روکنے اور دنیا سے غربت کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے کا کام آنے والی نسلوں پر نہیں چھوڑا جاسکتا کیوں کہ دنیا اب ایک "مشکل مرحلے پر آن پہنچی ہے"۔

افتتاحی تقریب کے بعد پوپ فرانسس اور صدر اوباما نے امریکی صدر کے دفتر 'اوول آفس' میں انفرادی ملاقات کی۔ ملاقات سے قبل دونوں رہنماؤں نے خاتونِ اول مشیل اوباما کے ہمراہ وہائٹ ہاؤس کی ایک بالکونی سے احاطے میں جمع ہزاروں افراد کو دیکھ کر ہاتھ بھی ہلائے۔

ملاقات کے بعد پوپ فرانسس نےواشنگٹن کے نیشنل مال پر ہونے والی ایک پریڈ میں شرکت کی جس میں ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد جمع تھے۔

امریکہ کے دورے کے پہلے روز پوپ فرانسس امریکہ میں کیتھولک چرچ سے منسلک پادریوں سے خطاب اور قومی گرجا گھر میں ہونے والی دعائیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

پوپ جمعرات کو امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وہ رومن کیتھولک چرچ کے پہلے سربراہ ہیں جنہیں کانگریس سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔

جمعے کو پوپ نیویارک روانہ ہوجائیں گے جہاں ان کا اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب طے ہے۔

XS
SM
MD
LG