رسائی کے لنکس

گن کنٹرول، صدر کی چوٹی کے اہل کاروں سے مشاورت


وائٹ ہاؤس اجلاس کے بعد، صدر اوباما نے کہا کہ ’اچھی خبر یہ ہے کہ یہ وہ سفارشات ہیں جو نہ صرف میرے قانونی اختیار میں ہیں، بلکہ یہ انتظامی برانچ کی دسترس میں ہیں‘

آئندہ چند دِنوں کے اندر، امریکی صدر براک اوباما انتظامی احکامات کے ایک سلسلے کا اعلان کرنے والے ہیں، جس کے بارے میں، اُن کا کہنا ہے کہ اِن کے نتیجے میں اسلحے کے زور پر ہونے والے تشدد کے واقعات میں کمی آئے گی۔ تاہم، امریکیوں کے حقوق پر کوئی قدغن نہیں لگے گی، جن کی رو سے امریکہ کے آئین کی دوسری ترمیم کے تحت، شہریوں کو لائنس بردار اسلحہ رکھنے کا قانونی حق حاصل ہے۔

پیر کے روز وائٹ ہاؤس میں قانونی ضوابط اور قانون کا نفاذ کرنے والے اہل کاروں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران، اوباما نے کہا کہ وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ یہ مقدمہ امریکی عوام کے سامنے پیش کیا جائے، تاکہ وفاقی گن کنٹرول کے ضابطوں پر ٹھوس طریقے سے عمل درآمد ہو اور اِس سے متعلق اقدامات سے آگہی حاصل ہو۔

أوباما نے کہا کہ اُنھوں نے اعلیٰ حکام کی ایک ٹیم کو، جس میں امریکی اٹارنی جنرل لوریتا لِنچ اور ایف بی آئی کے سربراہ، جیمز کومی شامل ہیں، احکامات جاری کردیے ہیں کہ اُنھیں بتایا جائے کہ اسلحے کی آسان دستیابی کو روکنے کے سلسلے میں وہ کون سے انتظامی اقدام کر سکتے ہیں۔

اجلاس کے بعد، اوباما نے کہا کہ ’اچھی خبر یہ ہے کہ یہ وہ سفارشات ہیں جو نہ صرف میرے قانونی اختیار میں ہیں، بلکہ یہ انتظامی برانچ کی دسترس میں ہیں‘۔

بقول اُن کے، ’تاہم، یہ وہ باتیں ہیں جو امریکیوں کی واضح اکثریت، جن میں لائسنس اسلحہ رکھنے والے بھی شامل ہیں، وہ بھی اِس بات میں یقین رکھتے اور اِس کی حمایت کرتے ہیں۔‘

عام رائے کے حالیہ جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ امریکیوں کی اکثریت ہتھیار خریدنے والوں کی ’بیک گراؤنڈ چیکنگ‘ کے حامی ہیں۔ باقی اقدام کے علاوہ، وائٹ ہاؤس ٹھوس نوعیت کے ’بیک گراؤنڈ‘ چھان بین کے حق میں ہے۔

’ویبسٹر رسرچ سینٹر‘ کی جانب سے کرائے گئے ایک حالیہ سروے سے پتا چلتا ہے کہ بندوق رکھنے والے 85 فی صد افراد اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ اسلحہ خریدنے سے قبل ہر شخص کا بیک گراؤنڈ چیک لازم ہے۔

صدر نے کہا کہ ہر سال امریکہ میں گن شوٹنگ کے واقعات میں ہزاروں لوگ ہلاک ہوتے ہیں، جن میں بلا امتیاز شوٹنگ اور خودکشی کے واقعات بھی شامل ہیں، جس کی شرح دنیا کے باقی ملکوں کے مقابلے میں امریکہ میں کہیں زیادہ ہے۔

ریپبلیکن اکثریت والی کانگریس اسلحہ رکھنے پر پابندیاں لگانے یا پھر صدر کی جانب سے کسی اقدام کے خلاف ہے، جنھیں ممکنہ طور پر قانونی چیلنج درپیش ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG