رسائی کے لنکس

امریکہ: جنرل جوزف ڈنفورڈ چیئرمین جوائنٹ چیفس نامزد


صدر اوباما جنرل ڈنفورڈ کی نامزدگی کا اعلان کر رہے ہیں
صدر اوباما جنرل ڈنفورڈ کی نامزدگی کا اعلان کر رہے ہیں

سینیٹ کی توثیق کے بعد جنرل ڈنفورڈ امریکی مسلح افواج کے موجودہ سربراہ جنرل مارٹن ڈیمپسی کی جگہ سنبھالیں گے

امریکہ کے صدر براک اوباما نے میرین کور کے جنرل جوزف ڈنفورڈ جونیئر کو امریکی مسلح افواج کا نیا سربراہ نامزد کردیا ہے۔

صدر اوباما نے جنرل ڈنفورڈ کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے عہدے پر نامزگی کا اعلان منگل کو 'وہائٹ ہاؤس' میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

صدر اوباما نے کہا کہ انہیں جنرل ڈنفورڈ اور ان کی رائے پر اعتماد ہے۔ صدر نے کہا کہ جنرل ڈنفورڈ وسیع تجربے کی بنیاد پر قائم کی جانے والی کھری اور بے لاگ رائے کا بارہا اظہار کرکے اپنی قابلیت ثابت کرچکے ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف امریکی فوج کا اعلیٰ ترین عہدہ ہے جس پر فائز افسر فوجی امور میں امریکی صدر، قومی سلامتی کونسل اور وزیرِ دفاع کے مشیر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیتا ہے۔

ڈنفورڈ اس وقت میرین کور کے کمانڈنگ افسر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں اور اس عہدے پر انہیں گزشتہ سال اکتوبر میں تعینات کیا گیا تھا۔

میرین کور کے سربراہ تعینات ہونے کے بعد سے انہیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے عہدے کا مضبوط امیدوار سمجھا جارہا تھا۔

اس عہدے پر ان کی تقرری سینیٹ کی توثیق سے مشروط ہے۔ سینیٹ کی توثیق کے بعد جنرل ڈنفورڈ امریکی مسلح افواج کے موجودہ سربراہ جنرل مارٹن ڈیمپسی کی جگہ سنبھالیں گے جو چار سال تک چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف رہنے کے بعد رواں سال اکتوبر میں ریٹائر ہورہے ہیں۔

انسٹھ سالہ جنرل ڈنفورڈ 2013ء سے 2014ء کے دوران افغانستان میں امریکی اور بین الاقوامی اتحادی افواج کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی زیر نگرانی ہی افغانستان سے سکیورٹی کی ذمہ داریاں مقامی سکیورٹی فورسز کو منتقل کی گئی تھیں۔

جنرل ڈنفورڈ نے اپنے فوجی کیریئر کے دوران تیزی سے ترقی کی اور صرف تین سال کے مختصر عرصے میں ون-اسٹار بریگیڈیئر جنرل سے فور-اسٹارجنرل تک کا سفر طے کیا۔ عام طور پر فوجی جنرل ان میں سے ہر عہدے پر کئی کئی سال گزارتے ہیں۔

انھوں نے 2003ء میں امریکہ کی زیر قیادت فوجی اتحاد کے عراق پر حملے میں میرین کی لڑاکا ٹیم کی قیادت بھی کی جس کے بعد وہ "فائٹنگ جو" کے نام سے مشہور ہوئے۔

بوسٹن سے تعلق رکھنے والے ڈنفورڈ نے 1977ء میں میرین فورس میں بطور افسر شمولیت اختیار کی تھی۔

وہ میرین کور سے تعلق رکھنے والے دوسرے افسر ہیں جو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے عہدے پر فائز ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل جنرل پیٹریس 2005ء سے 2007ء تک اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG