رسائی کے لنکس

ماہ رمضان کے موقع پر صدر اومابا کی دنیا بھر کےمسلمانوں کو مبارکباد


Ramadan Kareem
Ramadan Kareem

صدر نے کہا کہ امریکہ میں رمضان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اسلام ہمارے معاشرے کا ایک جزو ہے

صدر براک اوباما نے رمضان المبارک کے متبرک مہینے کے آغاز پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دی ہے۔

اپنے بیان میں صدرِ امریکہ نے کہا کہ رمضان روزے رکھنے، دعا کرنے اوربہتر اخلاق کا مظاہرہ کرنے کا مہینہ ہے، جس کے دوران مسرت کا اظہارکیا جاتا ہے اور خوشی منائی جاتی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اس مہینے میں خاندان، احباب اور ہمسائیوں کا خیال رکھا جاتا ہے اور ضرورتمندوں کی امداد کی جاتی ہے۔

صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے شہریوں کے لیے اس سال رمضان کا مہینہ ایک خاص اہمیت کا باعث ہے ، جہاں اُنھیں جمہوریت اور حق خودارادیت حاصل ہورہی ہے، یا پھر وہ اپنے آفاقی حقوق کے حصول کے لیے ہمت کے ساتھ جدوجہد میں مصروف ہیں۔

صدر اوباما نے کہا کہ امریکہ اُن لوگوں کا ساتھ دیتا ہے جو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں، تاکہ وہ خوف اور تشدد سے رہائی حاصل کرکے اپنے عقائد پر آزادی کے ساتھ عمل پیرا ہوسکیں۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ میں رمضان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اسلام ہمارے معاشرے کا ایک جزو ہے اور یہ کہ عوام کی خدمت سے لے کر کاروبار، اور ہیلتھ کیئر اور سائنس سے لے کر فنون لطیفہ تک امریکی مسلمان ہمارے ملک کو مضبوط بنانے اور ہماری زندگیوں کو خوشحال بنانے میں پورا حصہ ادا کر رہے ہیں۔

صدر نے کہا کہ جہاں رمضان دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے لیےایک گہری بصیرت کا درس دیتا ہے، وہاں پر یہ دنیا کے تمام ادیان کے ماننے والوں کےمشترک انسانی قدروں، انصاف کی سر بلندی کے عزم، مساوات، اور ہمدردی سے وابستگی پر ایمان کی یاد دہانی کراتا ہے۔

’اور اِسی جذبے کے تحت، میں امریکہ اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو اِس بابرکت مہینے کی آمد پر مبارک باد دیتا ہوں اور ایک بار پھر اُنھیں وائٹ ہاؤس میں افطار پارٹی پر مدعو کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ، ’ میں امریکی عوام، مشیل اور اپنی طرف سے امریکی مسلمانوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔
صدر نے اپنے پیغام کا اختتام ’رمضان کریم‘ کے الفاظ پر کیا۔
XS
SM
MD
LG