رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 100 افراد ہلاک


پاکستان میں پیر کو کرونا وائرس سے کم از کم 100 مزید افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 3639 شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان میں اسلام آباد کے اعداد و شمار شامل نہیں ہیں۔

گزشتہ 15 دن میں یہ دسواں موقع ہے کہ 24 گھنٹوں میں سو یا زیادہ افراد وبائی بیماری سے ہلاک ہوئے ہیں۔ اس عرصے میں مجموعی طور پر 1623 اموات ہوئیں اور 81 ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پیر کو صوبے میں 1365 شہریوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے، 60 مریض چل بسے اور 480 افراد صحت یاب ہوئے۔ یہاں کیسز کی کل تعداد 68308، اموات 1495 اور صحت یاب افراد کی تعداد 19580 ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق 1464 نئے کیسز کا علم ہوا، 14 مریض دم توڑ گئے اور 766 افراد شفایاب ہوئے۔ کیسز کی کل تعداد 71092، اموات 1103 اور صحت یاب افراد کی تعداد 37044 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق 636 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، 22 مریضوں کا انتقال ہوا اور 333 افراد نے وائرس کو شکست دے دی۔ کیسز کی کل تعداد 22633، اموات 843 اور صحت یاب افراد کی تعداد 6869 ہے۔

بلوچستان میں 112 شہریوں کے وائرس میں مبتلا ہونے کا پتا لگا، 2 مریض ہلاک ہوئے اور 20 افراد کو شفا ملی۔ کیسز کی کل تعداد 9587، اموات 104 اور صحت یاب افراد کی تعداد 3670 ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان میں 38 کیسز سامنے آئے اور 77 افراد کو صحت ملی۔ کیسز کی کل تعداد 1326، اموات 22 اور صحت یاب افراد کی تعداد 942 ہو چکی ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 24 شہریوں کے ٹیسٹ مثبت آئے، 2 مریضوں کا انتقال ہوا اور 2 افراد صحت یاب ہوئے۔ کیسز کی کل تعداد 869، اموات 22 اور صحت یاب افراد 350 ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں مریضوں کی کل تعداد 184627، اموات کی تعداد 3690 اور شفایاب ہو جانے والوں کی مجموعی تعداد 73136 ہے۔

XS
SM
MD
LG