رسائی کے لنکس

شمالی امریکہ میں کرونا وائرس سے ایک لاکھ اموات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات میں پیر کو کمی دیکھنے کو ملی لیکن شمالی امریکہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ہو گئی۔

جنوبی امریکہ کے ملکوں میں بھی کیسز اور اموات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور پرو جیسا چھوٹا ملک مریضوں کی تعداد میں چین سے آگے نکل گیا ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق 213 ملکوں اور خودمختار خطوں میں پیر تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 48 لاکھ 70 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 19 ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

24 گھنٹوں کے دوران برازیل میں 252، برطانیہ میں 160، پرو میں 141، میکسیکو میں 132، بھارت میں 131، فرانس میں بھی 131، اٹلی میں 99 اور روس میں 91 مریض دم توڑ گئے۔

امریکہ میں پیر کی شام تک 700 اموات کا علم ہوا تھا جس کے بعد مجموعی تعداد 91 ہزار سے زیادہ ہو گئی تھی۔ شمالی امریکہ میں کینیڈا اور میکسیکو دونوں میں اموات کی تعداد 5 ہزار سے زیادہ ہے۔

امریکہ کے 18 ریاستوں میں ایک ہزار سے زیادہ افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوچکے ہیں۔ نیویارک 28 ہزار اور نیوجرسی 10 ہزار اموات کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ نیویارک میں کیسز کی تعداد ساڑھے تین لاکھ اور نیوجرسی میں ڈیڑھ لاکھ ہوچکی ہے۔

برازیل میں 16 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے بڑے شہروں کے اسپتال مزید مریضوں کو نہیں سنبھال پائیں گے۔ وہاں کیسز کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ جنوبی امریکہ کے دوسرے ملکوں میں پرو میں 94 ہزار، چلی میں 46 ہزار اور ایکویڈور میں 33 ہزار کیسز کا علم ہو چکا ہے۔

مجموعی طور پر امریکہ میں مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ہے۔ دوسرے نمبر پر روس میں 2 لاکھ 90 ہزار کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 2 لاکھ سے زیادہ کیسز والے دوسرے ملکوں میں اسپین، برطانیہ، برازیل اور اٹلی شامل ہیں۔

دنیا بھر میں لگ بھگ 19 لاکھ افراد کرونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ان میں امریکہ کے ساڑھے تین لاکھ، اسپین کے ایک لاکھ 96 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 54 ہزار، اٹلی کے ایک لاکھ 27 ہزار اور ترکی کے ایک لاکھ 11 ہزار شہری شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG