رسائی کے لنکس

پاکستانی باکس آفس پر رش، ’آپریشن 21‘ عید کی نئی دلکشی


نت نئے موضوعات اور ینگ ٹیلنٹ۔۔ نیا خون بن کر پاکستان فلم انڈسٹری میں دوڑ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ انڈسٹری کے عروج کا دور ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔۔۔۔ وہ سنہرا دور جب لوگ غیر ملکی فلموں کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں کی ریلیز کا بھی شدت سے انتظارکرتے ہیں

کراچی ۔۔۔ کئی سالوں۔۔یا یوں کہئے کہ کئی عشروں بعد پاکستان سنیماانڈسٹری کے لئے ایسا موقع آ رہا ہے جب عید الاضحیٰ پر کئی مشہور اور اب تک سب سے زیادہ ڈسکشن کا موضوع بننے والی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہونے والی ہیں۔ ان پاکستانی فلموں میں خاص طور سے جو دو نام شامل ہیں وہ ’آپریشن 21‘ اور ’نامعلوم افراد‘ ہیں، جبکہ تیسری فلم انڈین ہے ۔۔’بینگ بینگ‘۔

فلم ایگزیبیٹر اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر، ندیم مانڈوی والا کو توقع ہے کہ ’تینوں فلموں میں سے ’آپریشن 21‘ ، باقی دونوں فلموں کو ٹف ٹائم دے گی اور بہت اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔‘

اور غالباً، یہ اس لئے ہوا ہے کہ نت نئے موضوعات اور ینگ ٹیلنٹ۔۔ نیا خون بن کر پاکستان فلم انڈسٹری میں دوڑ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انڈسٹری کے عروج کا دور ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔۔۔۔وہ سنہرا دور جب لوگ غیرملکی فلموں کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں کی ریلیز کا بھی شدت سے انتظارکرتے ہیں۔

یہ فلمیں نہ صرف مقامی شائقین سے داد حاصل کر رہی ہیں، بلکہ ان فلموں کے حوالے سے بین الا قوامی میلوں میں تعریفوں کے پل بھی باندھے جا رہے ہیں۔۔۔

ایسی ہی ایک ایکشن۔کم۔تھرلر فلم ’آپریشن21‘ ہے، جسے عرف عام میں ’O21‘ (زیرو ٹوئنٹی ون) بھی کہا جا رہا ہے۔

فلم کا موضوع پاکستانی سینما کے لحاظ سے دیکھیں تو کافی مختلف اور چونکا دینے والا ہے۔ اس کا تانا بانا بنا گیا ہے افغانستان میں دریافت ہونے والے وسیع معدنیات کے ذخائر خصوصاً لیتھیم کے گرد۔

مجموعی طور پر اس کی کہانی افغانستان میں رواں سال ہونے والے عام انتخابات اورلیتھیم کے ذخائرکی دریافت کے پس منظر سے جڑی ہے۔

یہ موضوع فلم کے لئے کیوں چنا گیا؟ اس پر میڈیا کے نمائندوں سے تبادلہٴخیال کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر اور رائٹر، جامی محمود کہتے ہیں ’افغانستان میں کچھ بھی ہو، اس کا براہ راست اثر پاکستان پر پڑتا ہے۔ بس اسی لئے اس موضوع کو چنا گیا۔۔‘

جس وقت فلم شروع ہوئی تھی تو اس کے ڈائریکٹر سمرنکس تھے جن کا تعلق اور تجربہ ہالی ووڈ سے ہے۔ فلم کی پرڈیوسر زیبا بختیار کے ذہن میں تھا کہ وہ فلم ’آپریشن21‘ اس انداز میں پردہ سیمیں پر پیش کریں کہ لوگوں کو فلم پر ہالی ووڈ کا گماں ہو۔ لیکن، اس دوران، کچھ ایسے ناگزیر اسباب پیدا ہوئے جن کی وجہ سے سمرنکس کو واپس جانا پڑا۔ لہذا، ڈائریکشن کی ذمے داری جامی محمود کو سنبھالنا پڑی جو ویڈیو ڈائریکشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

اس حوالے سے جامی کہتے ہیں، ’پروجیکٹ کو درمیان میں جوائن کرنے کے باوجود میں نے پوری کوشش کی ہے کہ فلم کے ہرسین سے انصاف کروں، اس لئے فلم کے بہت سے حصوں کو دوبارہ لکھا اورشوٹ کیا ہے۔۔‘

فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر ہی اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فلم ہالی ووڈ ٹچ لئے ہوئے ہے۔ انجان آدمی پہلی نظر میں یہی سمجھے گا کہ شاید وہ ہالی ووڈ فلم دیکھ رہا ہے۔ وہی اسٹائل اور لگ بھگ ویسی ہی پریذنٹیشن۔

آپریشن 21کے ہیرو شان شاہد ہیں جنہوں نے فلم میں ایک جاسوس کا کردار اداکیا ہے۔ شان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے لئے صحیح رول کے انتخاب میں مشکل ہوتی ہے لیکن جب وہ رول چن لیتے ہیں تو پھراس میں ڈوب جاتے ہیں۔شان کا فلم کے بارے میں کہنا ہے کہ آپریشن 21دور حاضر کی فلم ہے جس میں میرا کرداربہت منفرد ہے۔ میں ایک ایکشن ہیرو کا کردار نبھا رہا ہوں۔ یہ اب سے پہلے بننے والی فلموں سے بالکل مختلف فلم ہے۔‘

فلم کی پروڈیوسر زیبا بختیار اور کو پروڈیوسر ان کے بیٹے اذان سمیع خان ہیں۔ فلم عیدالاضحیٰ کے موقع پر جمعہ 3اکتوبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے ۔ فلم کی کاسٹ میں شان شاہدکے علاوہ سینئر اداکار ایوب کھوسہ اور شمون عباسی بھی شامل ہیں۔

پاکستان کی پہلی ڈولبی اٹومس فلم
جی ہاں۔۔ آفیشیل فیس بک پیج پر دی گئی معلومات کے مطابق ’آپریشن 21‘۔۔ پاکستان کی پہلی ڈولبی اٹومس فلم ہے۔ بھارت میں تو حالیہ تین فلموں ’دھوم تھری‘، ’کک‘ اور ’ڈی ڈے‘ میں ڈولبی لیبارٹریز۔۔ ’سراوٴنڈ ساوٴنڈ ٹیکنالوجی‘ کا استعمال کر چکی ہے۔ لیکن، پاکستان میں ڈولبی اٹومس ٹیکنالوجی کا آغاز ’آپریشن 21سے ہورہا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت سنیما ہالز میں ایک خاص اور دلکش انداز کا ساوٴنڈ ٹریک سنائی دیتا ہے۔

اس جدید ٹیکنالوجی کو رفتہ رفتہ پوری دنیا میں اپنایا جارہا ہے۔ سمیع خان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ڈولبی اٹومس کے استعمال کا باقاعدہ لائسنس موجود ہے۔

وہ مزید کہتے ہیں ’اگرچہ، یہ کوئی بڑا ایچومنٹ نہیں ہے لیکن اس سے فلم انڈسٹری کے لئے ایک نئی راہ کھلے گی۔ پنجاب سرکٹ میں بہت کم سنیماہالز ایسے ہیں جہاں ڈولبی اٹومس سسٹم کامیابی سے نصب ہوسکے گا لیکن فلم بینوں کو ایک نیا آڈیوویژل سسٹم سننے کو ملے گا اور اس کی کامیابی سنیما انڈسٹری کا نیا رخ متعین کرسکے گی۔‘

XS
SM
MD
LG