رسائی کے لنکس

آکسفرڈ ڈکشنری: 'ورڈ آف دی ایئر' کا انتخاب نہ ہو سکا، کئی دلچسپ الفاظ شامل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس کی عالمی وبا سے جہاں دیگر معمولات زندگی تبدیل ہوئے وہیں رواں برس آکسفرڈ انگلش ڈکشنری کو بھی 'ورڈ آف دی ایئر' منتخب کرنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑا۔

آکسفرڈ انگلش ڈکشنری نے روایت سے ہٹ کر سال 2020 میں کسی ایک لفظ کو 'ورڈ آف دی ایئر قرار' دینے کے بجائے رواں برس استعمال ہونے والے کئی الفاظ کے مجموعے کو 'ورڈز آف ان پریسیڈینٹڈ ایئر' یعنی غیر معمولی سال کے الفاظ کا نام دیا ہے۔

آکسفرڈ انگلش ڈکشنری نے 'کلائمٹ ایمرجنسی' کو 2019 کا 'ورڈ آف دی ایئر' قرار دیا تھا جب کہ 2018 میں 'ٹاکسک' ورڈ آف دی ایئر قرار پایا۔

​تاہم آکسفرڈ انگلش ڈکشنری کے مطابق سال 2020 ایسا سال نہیں جس میں کسی ایک لفظ کو 'ورڈ آف دی ایئر' منتخب کیا جاسکے۔

آکسفرڈ انگلش ڈکشنری نے رواں برس کسی ایک لفظ کو 'ورڈ آف دی ایئر' قرار نہیں دیا۔
آکسفرڈ انگلش ڈکشنری نے رواں برس کسی ایک لفظ کو 'ورڈ آف دی ایئر' قرار نہیں دیا۔

اس لیے رواں برس جن 'ورڈز آف ان پریزیسڈینٹڈ ایئر' کا انتخاب ہوا ہے اُن میں 'ایڈجیکٹیو' یعنی گرامر کی رو سے 'صفت ' کو ظاہر کرنے والے الفاظ ہیں۔

رواں برس آکسفرڈ ڈکشنری نے کرونا وائرس سے متعلق مشترکہ الفاظ 'ذخیرے' میں شامل کیے ہیں جو تیزی سے زبان کا حصہ بنتے چلے گئے۔

رواں برس جن الفاظ کا انتخاب کیا گیا ہے وہ ماہ وار بنیاد پر زیادہ استعمال ہوئے ہیں۔ جیسے جنوری میں آسٹریلیا کے جنگلات میں سیزن کی بدترین آگ لگنے کے بعد لفظ 'بش فائر' زیادہ استعمال کیا گیا۔ اسی طرح فروری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا کیس ختم ہونے پر لفظ 'ایکوئٹل' متعدد مرتبہ استعمال ہوا۔

مارچ میں کرونا وائرس کی وبا کے آغاز پر مکمل طور پر نیا لفظ 'کووڈ 19' سامنے آیا جسے پہلی بار 11 فروری کو استعمال کیا گیا تھا۔ اسی طرح لاک ڈاؤن، سوشل ڈسٹینسنگ اور ری اوپننگ جیسے الفاظ بھی کثرت سے استعمال ہوئے جو اب آکسفرڈ ڈکشنری کا حصہ بن چکے ہیں۔

جون کی بات کی جائے تو اس مہینے میں 'بلیک لائیوز میٹر' جیسی اصطلاح کے ساتھ 'کینسل کلچر' اور 'بلیک، انڈیجینیئس اینڈ ادر پیپل آف کلر' کا مخفف 'بی آئی پی او سی‘ یا 'بیبوک' بھی زیر استعمال آیا۔

اگست کے لیے 'میل ان' اور 'بیلارشین' کو 'ورڈز آف منتھ' قرار دیا گیا۔ 'میل ان' سے مراد امریکی صدارتی انتخاب کے لیے میل کے ذریعے ووٹنگ اور 'بیلا رشین' کا مطلب بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا دوبارہ متنازع انتخاب تھا۔

برطانوی حکومت نے ستمبر میں بڑے پیمانے پر کرونا ٹیسٹنگ پروگرام کو 'مون شاٹ' کا نام دیا جو عام ہوا۔

اکتوبر کے لیے جو دو الفاظ منتخب ہوئے وہ 'نیٹ زیرو' اور 'سپر اسپریڈر' تھے۔

'نیٹ زیرو' کا اشارہ چینی صدر شی جن پنگ کا وہ بیان تھا جس میں انہوں نے چین کو 2060 تک 'کاربن نیوٹرل' کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جب کہ 'سپر اسپریڈر' 70 کے عشرے میں استعمال ہوتا تھا جس کا بھرپور طریقے سے دوبارہ استعمال وائٹ ہاؤس میں کووڈ 19 کے متعدد کیسز منظر عام پر آنے کے بعد ہوا۔

XS
SM
MD
LG