رسائی کے لنکس

پاکستانی فضائیہ کا تربیتی جیٹ تباہ، دو پائلٹ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فضائیہ کا ایک تربیتی جیٹ طیارہ FT-7PG معمول کی تربیتی پرواز کے بعد لینڈنگ کے وقت گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں دونوں پائلٹ ونگ کمانڈر عمر اور فلائنگ آفیسر اسرار ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستانی فضائیہ کے ترجمان کے مطابق یہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے بعد پشاور ایئر بیس پر لینڈ کرتے وقت تباہ ہو گیا۔ اس سلسلے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حادثے کی وجہ کا ابھی تعین نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم پی اے ایف کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے جہاز میں آگ لگنے کے بعد قریبی گاؤں کو بچاتے ہوئے طیارے کا رُخ پشاور ائر بیس کے رن وے کی طرف موڑ دیا۔ تاہم یہ طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران پھٹ کر تباہ ہو گیا۔

حادثے کے بعد قریبی باچا خان ایئر پورٹ پر دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔ تاہم امدادی کارکنوں نے فوری طور پر آگ پر قابو پا لیا۔

بتایا جاتا ہے کہ F7-PG طیارے 2002 میں پاکستانی فضائیہ میں شامل کئے گئے جب F-6 طیاروں کو فرسودہ ہو جانے پر گراؤنڈ کر دیا گیا۔ F7-PG کے بعد تربیتی طیارے FT-7PG پاکستانی فضائیہ میں شامل کئے گئے۔

چینی ساخت کے ان جدید جیٹ طیاروں کے گزشتہ 15 برس کے دوران متعدد حادثے ہو چکے ہیں اور دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثوں کی یہ تعداد نارمل رینج کے اندر ہے۔

XS
SM
MD
LG