رسائی کے لنکس

دہشت گردی میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، شواہد افغان سفارت خانے کے حوالے


مردان میں نادراکے دفتر پر خودکش حملے کے بعد پولیس شواہد اکھٹے کر رہی ہے۔ دسمبر 2015
مردان میں نادراکے دفتر پر خودکش حملے کے بعد پولیس شواہد اکھٹے کر رہی ہے۔ دسمبر 2015

پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں چھپے ہوئے دہشت گرد گروپس کے دستاویزی ثبوت افغان سفارت خانے کے حوالے کردیے گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے ڈوزئیر افغان سفارت خانے کے حوالے کردیا ہے جس میں کالعدم تحریک طالبان کی پاکستان مخالف کارروائیوں کے ثبوت موجود ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈوزئیر میں سوات میں پاک فوج کے یونٹ پر حملے میں افغان سرزمین استعمال ہونے کے ثبوت افغانستان کو فراہم کیے گئے ہیں۔

پاکستان نے افغانستان سے افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد گروپ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے پاک فوج کی چیک پوسٹوں اور سویلین تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج صبح ہی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ افغانستان کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ اس دورے کی تاریخ کا تعین ہوگیا ہے جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

افغان صدر نے اشرف غنی نے پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ کے ذریعے پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو کابل کے دورہ کی دعوت دی تھی۔

گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے بھی افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کے خاتمہ پر زور دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG