رسائی کے لنکس

دہشت گردوں کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں: نواز شریف


قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں مصروف جوانوں اور افسروں سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد جنگ ہے جس میں دشمن چھپ کر وار کرتا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور اس موقع پر دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں مصروف جوانوں اور افسروں سے خطاب میں کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں فتح ہو رہی ہے۔

’’یہ جنگ ہم جیت رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ ہمیشہ کے لیے پاکستان پر امن ملک بن جائے گا۔‘‘

وزیراعظم نواز شریف جمعرات کی صبح اپنی کابینہ کے اہم وزرا کے ہمراہ شمالی وزیرستان کے انتظامی مرکز میرانشاہ پہنچے، ملک کے کسی منتخب وزیراعظم کی طرف سے شمالی وزیرستان کا یہ پہلا دورہ تھا۔

فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے ہمراہ وزیراعظم کو مقامی کمانڈر نے آپریشن ’ضرب عضب‘ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد جنگ ہے جس میں دشمن چھپ کر وار کرتا ہے۔

’’یہ وہ جنگیں نہیں ہیں جو قومیں دوسری قوم کے خلاف لڑتی ہیں، یہ تو ایک ایسی جنگ ہے جس میں دشمن نظر بھی نہیں آتا، چھپا ہوا دشمن ہے اور چھپ کر وار کرتا ہے۔‘‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی بقا اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جنگ ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔

عسکری کمانڈروں کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان کے 80 فیصد علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا چکا ہے اور اب غلام خان نامی علاقے میں آپریشن جاری ہے۔

وزیراعظم کو عسکری قیادت کے ہمراہ دہشت گردوں سے صاف کرائے گئے ایک مرکز اور شدت پسندوں سے قبضے میں لیا گیا گولہ و بارود بھی دکھایا گیا۔

شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج نے 15 جون کو ’ضرب عضب‘ کے نام سے فوجی آپریشن شروع کیا تھا جس میں عسکری حکام کے مطابق اب تک 1100 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے آغاز کے بعد اس قبائلی علاقے سے لگ بھگ چھ لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جو اب بنوں اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع میں مقیم ہیں۔

قبائلی علاقے شمالی وزیرستان سے واپسی پر وزیراعظم نے فوج کے سربراہ کے ہمراہ بنوں میں شمالی وزیرستان کے بے گھر خاندانوں سے بھی ملاقات کی اور اُنھیں یقین دلایا کہ حکومت اُس وقت تک اُن کی دیکھ بھال کرے گی جب تک ان خاندانوں کی اپنے علاقے میں واپسی نہیں ہو جاتی۔

’’آپ نے اس ملک سے ایسے لوگوں کو ختم کرنے کے لیے قربانی دی ہے جنہوں نے اس معاشرے میں تباہی مچائی ہوئی تھی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ عزت کے ساتھ خوشیوں کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔‘‘

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مسلح افواج کے ساتھ مل کر شمالی وزیرستان میں تعمیر نو کرے گی اور اس کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG