رسائی کے لنکس

غلام علی، غزل گائیکی کے بعد اب اداکاری کریں گے


غلام علی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم عوام کو قریب لانے کی کوششوں میں ہیں جو بہت حوصلہ افزا ہے۔ میوزک آرٹ اور کلچر سے دوریوں کو قربتوں میں بدلا جا سکتا ہے

پاکستانی غزل گائیک غلام علی اب اداکاری کے میدان میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھانے کو تیار ہیں اور جلد ہی غلام علی کے پرستار انہیں بالی وڈ کی فلم میں اداکاری کرتے دیکھ سکیں گے۔

اخبار ’ٹری بیون‘ نے انڈو ایشین نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشہور ٹی وی شو ’انڈیاز موسٹ وانٹڈ‘ کے ہوسٹ شعیب الیاسی کی ڈائریکٹ کردہ فلم ’گھر واپسی‘ میں غلام علی گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کریں گے۔وہ ان دنوں میں نیو دہلی میں فلم کے لئے ڈبنگ کرانے میں مصروف ہیں۔

فلم میں کام کرنے کا خیال کیسے آیا؟ اس بارے میں غلام علی کا کہنا ہے ’شعیب الیاسی چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔ انہوں نے فلم کرنے کا کہا تو انکار نہ کرسکا۔ فلم میں کام کرنا گائیکی سے زیادہ مشکل ہے۔‘

غلام علی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم عوام کو قریب لانے کی کوششوں میں ہیں جو بہت حوصلہ افزا ہے۔۔ میوزک آرٹ اور کلچر سے دوریوں کو قربتوں میں بدلا جا سکتا ہے۔‘

غلام علی 29 جنوری کو ممبئی میں فلم ’گھر واپسی‘ کے میوزک لانچ میں بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ میوزک لانچ میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔

’گھر واپسی‘ میں غلام علی کے ساتھ آلوک ناتھ، فریدہ جلال، ریما لاگو، دیپک تجوری اور زرینہ وہاب بھی اداکاری کریں گے، جبکہ سیندھی چوہان، سونونگم اور شان بھی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG