رسائی کے لنکس

نئی دہلی: پاک بھارت سرحدی فورسز کا اجلاس مکمل، اعلامیہ جاری


پاکستانی ذرائع کے مطابق، اجلاس میں اس امر کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ مقامی کمانڈر معمولی نوعیت کے سرحدی معاملات، جن میں بارڈر پوسٹوں کے انتظامی معاملات، کمپنی اور بٹالین سطح کے معاملات،جونئیر سطح پر حل کر لیے جائیں

پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسز کا 44واں اجلاس نئی دہلی میں ختم ہوگیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، دونوں فورسز کے درمیان اجلاس سازگار اور موزوں ماحول میں ہوا۔

پاک فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق، اجلاس میں اس امر کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ مقامی کمانڈر معمولی نوعیت کے سرحدی معاملات، جن میں بارڈر پوسٹوں کے انتظامی معاملات، کمپنی اور بٹالین سطح کے معاملات،جونئیر سطح پر حل کر لیے جائیں۔

پاکستان کی طرف سے 19 رکنی پاکستانی وفد نے تین روزہ بھارتی دورہ کیا ہے جس کی قیادت پاکستان رینجرز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سعید احمد خان کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں وزارتِ داخلہ اور انسداد منشیات فورس کے حکام بھی شامل ہیں۔

پاکستانی وفد کا موجودہ دورہ پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے حکام کے درمیان سالانہ ملاقاتوں کے سلسلہ کا حصہ ہے۔

اجلاس میں اسمگلنگ اور دونوں اطراف سے سرحد پار کرنے کو روکنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ کے تبادلے پر بھی بات ہوئی جس میں کئی معصوم جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ کئی مواقع پر خواتین اور بچے بھی اس کا نشانہ بنے۔

ترجمان کے مطابق، اس صورتحال میں ضروری ہے کہ دونوں افواج 2003 کے سیزفائر معاہدہ کی پاسداری کریں۔

غلطی سے سرحد عبور کرنے والوں اور ماہی گیروں کی بھارتی جیلوں سے واپسی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، تاکہ ان افراد کو واپس لانے کے لیے مشکل قانونی پیچیدگیوں سے بچایا جائے اور ان کے پیاروں سے ملایا جائے۔

اجلاس میں ورکنگ باؤنڈری اور بین الاقوامی سرحد پر دفاعی تعمیرات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور سرحد کے قریب تعمیرات کو روکنے کے سلسلے میں باہمی خدشات دور کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس اجلاس میں طے پانے والے امور سے دونوں ممالک اور بالخصوص سرحدی افواج کو فائدہ پہنچے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سال رواں میں دونوں ممالک کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرحدی خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئی ہیں، جن میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق، بھارت ایک ہزار ایک سو 40 بار سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے، جس کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک اور 192 زخمی ہوچکے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی ایک معمول بن چکی ہے اور دونوں ممالک اس سلسلہ میں ایک دوسرے پر پہل کے الزامات عائد کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG