رسائی کے لنکس

پاکستان کی 2 وکٹوں سے شکست، سری لنکا نے سیریز جیت لی


ایک روزہ میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 22 جون سے گال میں ہوگا۔

سری لنکا نے پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں دو وکٹوں سے ہراکر سیریز 1-3 سے جیت لی ہے۔

پیر کو کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد حاصل کرلیا۔

میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوور میں 247 رن بنائے تھے۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے نمایاں اسکور کرنے والوں میں عمران فرحت سر فہرست رہے، جنھوں نے نو چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔ دوسرے نمایاں بلے باز عمر اکمل رہے جنہوں نے 55 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

جواباً سری لنکا کی ٹیم نے 248 رن کا مقررہ ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ سری لنکا کی فتح میں انگلو میتھیوز نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے 80 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

سنگاکارا 40 رن کے ساتھ دوسرے نمایاں ترین بلے باز رہے۔ پاکستان کی ناقص فیلڈنگ بھی قومی ٹیم کی شکست کی ایک اہم وجہ رہی اور پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی مواقع پر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 42 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہد آفریدی نے 2 جب کہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ تاہم محمد سمیع کی کارکردگی غیر متاثر کن رہی اور انہوں نے 4ء9 اوور میں 75 رن دیے۔

اس سے قبل سیریز میں میزبان ٹیم نے پہلا اور چوتھا میچ جیتا تھا جب کہ پاکستان کو دوسرے میچ میں فتح حاصل ہوئی تھی۔ تیسرا ایک روزہ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

ایک روزہ میچوں سے قبل ہونے والی دو ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔ ایک روزہ میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 22 جون سے گال میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG