رسائی کے لنکس

بھارتی ریلوے پولیس کا کمال، پاکستانی ٹرین کو 'اپنا' بنا لیا


گجرات میں 'سورکشت سفر' کے نام سے ایک نئی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی گئی تھی جس کے ڈیش بورڈ پر بھارت کے بجائے پاکستانی ٹرین کی تصویر لگا دی گئی۔ (فائل فوٹو)
گجرات میں 'سورکشت سفر' کے نام سے ایک نئی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی گئی تھی جس کے ڈیش بورڈ پر بھارت کے بجائے پاکستانی ٹرین کی تصویر لگا دی گئی۔ (فائل فوٹو)

بھارتی ریاست گجرات کی ریلوے پولیس کو پاکستانی ٹرین کی تصویر موبائل ایپلی کیشن پر لوڈ کر کے اسے غلطی سے اپنا بتانے پر سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

گجرات میں 'سورکشت (محفوظ) سفر' کے نام سے ہفتے کو ایک نئی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی گئی تھی۔ تاہم ایپلی کیشن کے ڈیش بورڈ پر بھارت کے بجائے پاکستانی ٹرین کی تصویر لگا دی گئی۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غلطی کی نشاندہی پر پاکستان کی ٹرین کی تصویر ایپلی کیشن سے ہٹا دی گئی ہے۔

سی آئی ڈی کرائم اور ریلوے کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل گوتم پرمار نے اس غلطی کی وضاحت کرتے ہوئے اتوار کو بتایا کہ ایپلی کیشن کو دلکش بنانے کے لیے پروگرام ڈویلپر نے ٹرینوں کی کچھ تصاویر استعمال کی تھیں جس کے دوران وہ 'غیر دانستہ' طور پر پاکستانی ٹرین کی تصویر بھی استعمال کر بیٹھا جسے نشاندہی کے بعد ہٹا دیا گیا ہے۔

اس ایپلی کیشن کو گجرات کے وزیرِ مملکت برائے داخلہ پردیپ سنگھ جڈیجا نے 29 فروری کو لانچ کیا تھا۔

اس ایپ کی مدد سے مسافر کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں گجرات کے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

مسافر اس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے منشیات یا انسانی اسمگلنگ سے متعلق معلومات حکام کو دے سکتے ہیں۔

ایپ کے ذریعے مسافر لڑکیوں کو گھورنے یا ان سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کی شکایت بھی درج کرائی جا سکتی ہے۔

حکام کے مطابق ایپلی کیشن کے ذریعے کسی اجنبی کے دورانِ سفر ٹرین میں داخل ہونے، غیر قانونی تجارت کرنے یا بچوں کی گمشدگی سے متعلق فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG