رسائی کے لنکس

’ہلری کلنٹن کے دورہ اسلام آباد سے غلط فہمیوں کو دور کرنے کا موقع ملا‘


ترجمان دفتر خارجہ تہمینہ جنجوعہ
ترجمان دفتر خارجہ تہمینہ جنجوعہ

ہفتہ کو دفتر خارجہ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ جمعہ کو امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ایڈمرل مائیکل ملن کے دورہ اسلام آباد کا مقصد ایک دوسرے کے موقف کوسمجھناتھا اور اس مقصد میں پیش رفت ہوئی ہے ۔ان کے بقول اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے کا موقع بھی ملا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اورعلاقائی سلامتی بالخصو ص افغانستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی مصالحتی کوششوں اور استحکام کے لیے پاکستان ، افغانستان اور امریکہ کے سہ فریقی رابطوں کی اہمیت کو بھی کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ اور ایڈمرل مائیک ملن کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو پاکستان مثبت پیش رفت تصور کرتا ہے اور یہ واضح ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان ، افغانستان اور امریکہ کے رواں ماہ دو اجلاس ہو چکے ہیں اور اس سلسلے کا تیسر ا اجلاس جو ن کے آخر میں ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ نے جمعہ کو اسلام آباد میں تقریباً چھ گھنٹے قیام کے دوران صدر آصف علی زرداری سے ملاقا ت کے بعد اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے تفصیلی ملاقا ت کی تھی جس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل احمد شجاع پاشا بھی شامل تھے۔

ہلری کلنٹں اور ایڈمرل ملن
ہلری کلنٹں اور ایڈمرل ملن

ہلری کلنٹن نے پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئے ہیں ۔ اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو آنے والے دنوں میں ”ہنگامی اور فیصلہ کن“ اقدامات کرنا ہوں گے۔

دو مئی کو ایبٹ آباد میں القاعدہ کے رہنماء اسامہ بن لادن کی پناہ گاہ کے خلاف امریکی فورسز کے خفیہ آپریشن کے بعد پاک امریکہ تعلقات کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے اور انھیں معمول پر لانے کے لیے وزیرخارجہ ہلری کلنٹن اور ایڈمرل مائیک ملن کے دورے سے قبل امریکی سینیٹ کی خارجہ اُمور کمیٹی کے چیئرمین جان کیری کے علاوہ پاکستا ن اور افغانستان کے لیے امریکہ کے نمائندہ خصوصی بھی اسلام آباد کا دورہ کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG