رسائی کے لنکس

بنوں: خودکش دھماکے میں 6 فوجی ہلاک


بنوں: خودکش دھماکے میں 6 فوجی ہلاک
بنوں: خودکش دھماکے میں 6 فوجی ہلاک

پاکستان کے شمال مغربی ضلع بنوں میں ہفتہ کو صُبح سویرے ایک طاقتور خودکش کار بم دھماکے میں کم از کم 6 فوجی اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔

حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بنوں کوہاٹ روڈ پر فرنٹیئر کور ’ایف سی‘ کے ایک قلعے سے ٹکرا دی۔

دھماکے سے فرنٹیئر کور کے ٹوچی اسکاؤٹس نامی قلعے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جب کہ اس کے احاطے میں قائم مسجد منہدم ہو گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے سے قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز کے اضافی دستے علاقے میں پہنچ گئے اور زخمیوں کو بنوں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دریں اثناء وسطی کرم ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں چار عسکریت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جھڑپ میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوا۔ اسی قبائی علاقے میں ایک گاڑی کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔

ادھر اپر اورکزئی میں شدت پسندوں کے خلاف تازہ ترین کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے 11 جنگجوؤں کو ہلاک اور ان کے چھ ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔

حالیہ دنوں میں پاکستان میں خودکش حملوں اور پرتشدد کارروائیوں میں کمی آئی تھی لیکن جمعہ کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضلع ٹانک میں طالبان شدت پسندوں نے حملہ کر کے نیم فوجی سکیورٹی فورس ’فرنٹیئر کانسٹبلری‘ کے ایک اہلکار کو ہلاک اور 15 کو اغواء کر لیا تھا۔

مقامی انتظامیہ اور ایف سی حکام کے مطابق درجنوں مسلح جنگجوؤں نے جمعہ کو علی الصباح مُلازئی کے علاقے میں ایف سی قلعہ پر مختلف اطراف سے حملہ کیا تھا اور جھڑپ میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG