رسائی کے لنکس

پاکستان سے قریبی تعاون کے خواہاں ہیں: برطانوی وزیرِ خارجہ


پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز سے ولیم ہیگ کی ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قریبی تعاون بڑھانے اور پاکستان کو درپیش اقتصادی مشکلات سے متعلق اُمور پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے بدھ کو اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ اور قومی سلامتی سرتاج عزیز سے اپنے وفد کے ہمراہ تفصیلی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اُمور اور علاقائی صورت حال خاص طور پر افغانستان میں قیام امن کے لیے مصالحتی عمل پر بات چیت کی۔

وزارت خارجہ میں ہونے والے ابتدائی مذاکرات کے بعد ولیم ہیگ اور سرتاج عزیز نے ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب بھی کیا، جس میں اُنھوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قریبی تعاون بڑھانے اور پاکستان کو درپیش اقتصادی مشکلات سے متعلق اُمور پر تفصیل سے بات چیت کی گئی ۔

علاقائی صورت حال سے متعلق سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے افغانستان کے مصالحتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے اور وہ آئندہ ہفتہ کے روز افغانستان بھی جائیں گے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ وہ افغان صدر حامد کرزئی اور اُن کے معاونین سے ملاقاتیں کریں گے، جس کے بعد توقع ہے کہ افغان صدر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

افغانستان کی صورت حال کے بارے میں ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا قیام پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ولیم ہیگ کی پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات طے ہے۔

گزشتہ مہینے کے اواخر میں برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اُنھوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھر معاونت کی یقین دہانی کرائی تھی۔
XS
SM
MD
LG