رسائی کے لنکس

’ہمیں اذیتیں دی جا رہی ہیں‘: پانچ امریکیوں کا الزام


پاکستان میں جنگ جو مذہبی گروپ میں شامل ہونے کی کو شش کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے پانچ امریکی نوجوانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں پولیس کی تحویل میں رکھ کر اذیًتیں پہنچائى جا رہی ہیں۔

اِن پانچوں افراد کو پیر کے روز عدالت میں پیشی کے بعد جیل کی ایک وَین میں سوار کرایا جا رہا تھا تو انہوں نے انگریزی میں چِلّا کر کہا “ ہمیں اذیّتیں دی جا رہی ہیں۔”

پاکستانی پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کے ساتھ بُرا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے اور پولیس کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ اِن آدمیوں نے عدالت کے کمرے میں ایسا کوئى بیان نہیں دیا۔

یہ نوجوان امریکی ، جن کی عمریں 19 سال سے لے کر 25 سال تک ہیں ، لاہور میں پولیس کی تحویل میں ہیں۔ انہیں سرگودھا میں ایک خلافِ قانون مذہبی گروپ ، جیشِ محمد کے ایک رہنما کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

جرم ثابت ہو جانے پر اُنہیں طویل قید کی سزائیں سُنائى جا سکتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان آدمیوں نے شروع میں کہا تھا کہ وہ جہاد میں شریک ہونے کے لیے امریکہ سے پاکستان پہنچے تھے۔اور طالبان کے مضبوط گڑھ شمالی وزیرستان جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

ان پانچوں امریکیوں کا تعلق پاکستان، یمن، ارِٹریا اور مصر سے ہے۔

XS
SM
MD
LG