رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی میں زمینی اور فضائی کارروائیوں میں ’67 دہشت گرد‘ ہلاک


بدھ کو دیر گئے بھی حکام کے بقول خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں فضائی کارروائیوں میں کم ازکم 57 مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

پاکستان میں پشاور اسکول پر دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آ گئی ہے اور پاکستانی فوج کی خیبر ایجنسی میں تازہ فضائی اور زمینی کارروائیوں میں کم از کم 67 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

جب کہ جمعہ کو پاکستانی فوج کے سربراہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف جوانوں اور افسروں سے ملاقات کے لیے خیبر ایجنسی پہنچے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے ایک بیان کے مطابق جمعہ کو خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ سے افغان سرحد کی طرف جانے والے شدت پسندوں کا سکیورٹی فورسز سے آمنا سامنا ہوا۔

ورماگئی اور سپرکوٹ کے علاقوں میں ہونے والی ان جھڑپوں میں 32 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے جب کہ تین فوجی بھی اس میں زخمی ہوئے۔

جب کہ جمعہ کی شام ایک اور بیان میں فوج کی طرف سے کہا گیا کہ خیبر ایجنسی کے علاقوں تنگی سر اور گونگانا قمر میں کارروائی کے دوران 18 دہشت گرد مارے گئے۔

اس سے قبل فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جمعرات کو دیر گئے فضائی کارروائی میں 17 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے جن میں ایک ازبک کمانڈر اسلام الدین بھی شامل ہے۔

بدھ کو دیر گئے بھی حکام کے بقول خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں فضائی کارروائیوں میں کم ازکم 57 مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

پاکستانی فوج نے افغان سرحد سے ملحقہ خیبر ایجنسی میں اکتوبر سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی تھی لیکن منگل کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد اس میں تیزی آئی ہے۔

پشاور اسکول پر حملے میں 132 بچوں سمیت کم از کم 148 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ملک کی سیاسی و عسکری قیادت یہ کہہ چکی ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف پاکستانی فوج پہلے ہی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ضرب عضب کے نام سے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں بھی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ جمعہ کو پنجاب کے علاقے لالہ موسیٰ میں کی گئی ایک کارروائی میں دو مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ کراچی میں بھی کالعدم شدت پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے کم ازکم چار مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔

XS
SM
MD
LG