رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما عامر خان کی ضمانت منظور


 متحدہ قومی موومنٹ کے سینیئر رہنما عامر خان (فائل فوٹو)
متحدہ قومی موومنٹ کے سینیئر رہنما عامر خان (فائل فوٹو)

عامر خان اور کئی دیگر افراد کو اس سال 11 مارچ کو عزیز آباد میں واقع ایم کیو ایم کے صدر دفتر 'نائن زیرو' پر رینجرز کے چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ایک سینیئر رہنما عامر خان کی ضمانت منطور کر لی ہے۔

عدالت نے پیر کو سنائے جانے والے اپنے حکم نامے میں عامر خان کو دس لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے، تاہم عدالت نے کہا کہ مقدمے کی سماعت کے دوران عامر خان عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جا سکیں گے۔

عامر خان اور کئی دیگر افراد کو اس سال 11 مارچ کو عزیز آباد میں واقع ایم کیو ایم کے صدر دفتر 'نائن زیرو' پر رینجرز کے چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

رینجرز کی طرف سے عامر خان اور کئی دیگر افراد کے خلاف دہشت گردی پر اکسانے اور مجرموں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

عدالت میں ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران عامر خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل پر الزامات بے بنیاد ہیں کیونکہ عامر خان کے وکیل کے بقول اس مقدمے میں کوئی آزاد اور معتبر گواہ موجود نہیں ہے۔

عامر خان کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ اس مقدمے میں استغاثہ کے تمام گواہ رینجرز اور پولیس کے عہدیدار ہیں۔

جبکہ رینجرز کی طرف سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا ہے ان کے پاس عامر خان اور دیگر گرفتار افراد کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

کراچی میں امن و امان بحال کرنے کے لیے رینجرز کی طرف سے ستمبر 2013ء سے آپریشن جاری ہے اور حالیہ مہینوں میں اس میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG