رسائی کے لنکس

کسی بھی نام سے دہشتگردی کرنے والوں سے نمٹا جائے گا: پرویز رشید


وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات

پاکستان میں داعش کی موجودگی کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ یہاں دہشت گرد یہ نام استعمال کر رہے ہیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کر رہا ہے۔

اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میں انھوں نے سنی شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی پاکستان میں موجودگی کو ایک بار پھر مسترد کیا۔

عراق اور شام کے مختلف حصوں پر قبضہ کرنے والی تنظیم دولت اسلامیہ کی پاکستان میں شدت پسندوں کی طرف سے حمایت اور مختلف علاقوں میں ان کی مبینہ موجودگی کی اطلاعات ذرائع ابلاغ میں آتی رہی ہیں لیکن حکام ان کی تردید کرتے آرہے ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مختلف ناموں سے کارروائیاں کرتے ہیں لیکن پاکستانی سکیورٹی فورسز تمام دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار ہے۔

" اس طرح کی کوئی اطلاع ہمارے پاس نہیں ہے کچھ لوگ اس کے نام کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دہشت گردوں کا کوئی نام نہیں ہوتا خواہ وہ اپنا نام داعش رکھیں یا کوئی دوسرا نام اپنے لیے منتخب کریں۔ جس نام سے بھی کوئی دہشت گردی کرنے کی کوشش کرے گا اس کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو شمالی وزیرستان کے دہشت گردوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔"

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں نے اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے تھے جن کے خلاف فوج نے جون کے وسط سے بھرپور کارروائی شروع کی اور اب تک حکام کے بقول 1100 سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

مارے جانے والے شدت پسندوں میں ازبک جنگجو بھی شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ ہی پاکستانی فوج نے افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بھی کارروائی شروع کی تھی جس میں درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک کیا چکا ہے۔

اتوار کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا کہ خیبر ون نامی آپریشن میں تازہ فضائی کارروائی کے دوران مزید 13 شدت پسندوں کو ہلاک اور ان کے زیر استعمال متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔

شمالی وزیرستان میں آپریشن کی وجہ سے تقریباً چھ لاکھ لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے جب کہ خیبر ایجنسی سے بھی 34 ہزار خاندان ملحقہ صوبے خیبر پختونخواہ میں عارضی طور پر رہائش رکھے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG