رسائی کے لنکس

لیفٹننٹ جنرل فیض حمید آئی ایس آئی کے سربراہ مقرر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

وہ لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے جنہیں گجرانوالہ کا کور کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔ لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کو گذشتہ سال لیفٹننٹ جنرل نوید مختار کی سبکدوشی کے بعد آئی ایس آئی کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم اب ان کی جگہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی ہوں گے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹننٹ جنرل عامر عباسی کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے جبکہ لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز انجینئر ان چیف ہوں گے اور لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ایڈجوٹینٹ جنرل مقرر کیا گیا ہے۔

آئی ایس آئی کے نئے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے۔ وہ اس سے پہلے آئی ایس آئی میں انٹرنل سیکورٹی ونگ کے سربراہ تھے۔ انہوں نے 2017 میں فیض آباد دھرنے کے سلسلے میں مذہبی جماعتوں کے ساتھ طے ہونے والے سمجھوتے میں ’’ضامن‘‘ کی حیثیت سے دستخط کیے تھے۔

جنرل فیض حمید ان چار سینئر فوجی افسران میں شامل تھے جنہیں گذشتہ اپریل میں میجر جنرل سے لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ ان چار افسران میں ان کے علاوہ میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا، میجر جنرل نعمان محمود اور میجر جنرل اظہر عباس شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG