رسائی کے لنکس

خبردار! جعل سازوں سے ہوشیار رہو: پاک فوج


پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل آصف غفور۔ فائل فوٹو
پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل آصف غفور۔ فائل فوٹو

پاکستان میں فوج کے نام پرجعلسازوں نے کئی افراد کو لوٹ لیا جس پر پاک فوج نے وضاحتی بیان جاری کردیا۔ پاک فوج کے ترجمان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بعض جعل ساز خود کو فوجی افسر یا اہلکار بتا کر لوگوں سے فون پر ان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات لے رہے ہیں تاہم پاک فوج کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایسی اطلاعات ہیں کہ بعض افراد خود کو فوجی افسر یا اہلکار بتا کر لوگوں کو فون کالز کرتے ہیں اور مردم شماری کی تصدیق کے نام پر لوگوں سے ان کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس وغیرہ کی تفصیلات حاصل کرتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق عوام سے درخواست ہے کہ ایسی فون کالز کا جواب نہ دیں۔ عوام کوخبردار کرتے ہیں کہ ایسی فون کالز مسلح افواج کی طرف سے نہیں کی جاتیں اور اگر عوام کو ایسی کوئی بھی کال آئے تو وہ فوری طور پر ہیلپ لائن 1135 یا 1125 پر اطلاع کریں۔

بتایا جا رہا ہے کہ لاہور اور کراچی میں ایسے واقعات پیش آئے جن میں فون کرنے والے افراد نے خود کو پاک فوج کا اہلکار ظاہر کیا اور شناختی کارڈ نمبرز کے علاوہ بعض سادہ لوح افراد سے بنک کے تفصیلات بھی حاصل کرلیں اور انہیں شدید مالی نقصان پہنچایا گیا۔

اس معاملہ پر اب پاک فوج کو سامنے آنا پڑا اور فوج کی طرف سے ہیلپ لائن نمبر بھی دیے گئے ہیں کہ ان پر ایسے افراد کے حوالے سے اطلاع دی جائے۔

پاکستان میں جعلسازوں کا نیٹ ورک آئے دن موبائل فونز کے ذریعے لوگوں کو لوٹتا رہتا ہے۔ لاکھوں افراد کو روزانہ بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے ہزاروں روپے ملنے کی نوید سنائی جاتی ہے۔ یہ تمام فراڈ جعلسازوں کے زیر استعمال موبائل فون کے ذریعے ہوتے رہتے ہیں۔ لیکن کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کی طرف سے کڑی تفتیش اور ملزمان کو سزائیں نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ ہزاروں شہری لٹ رہے ہیں۔ پاکستان میں سائبر کرائمز کے لیے ایف آئی اے اور موبائل ٹیکنالوجی کے لیے پی ٹی اے کا ادارہ ہے جو ان جعلسازوں کے سامنے بے بس نظر آتا ہے۔ لہذا فوج بھی اب صرف خبردار کرنے پر اکتفا کررہی ہے۔

XS
SM
MD
LG