رسائی کے لنکس

کوئٹہ: فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد ہلاک، صورتحال کشیدہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خوف و ہراس اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے شہر کے کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہوگئیں۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پیر کو فائرنگ کے مختلف واقعات میں شیعہ ہزارہ برادری کے تین افراد کی ہلاکت کے بعد صورتحال کشیدہ ہے اور اس برادری کے لوگ سراپا احتجاج ہیں۔

بظاہر فرقہ وارانہ کشیدگی کا یہ تازہ سلسلہ اتوار کو شروع ہوا جب سنی مسلک سے تعلق رکھنے والے ایک دکاندار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک اور اس کے بھائی کو زخمی کر دیا۔

اس واقعے کے بعد سنی برادری کے لوگوں نے احتجاج بھی کیا۔

پیر کو صبح لیاقت بازار میں اسی مسلک کا ایک اور شخص نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔

فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں شیعہ ہزارہ برادری کے تین لوگ مارے گئے جب کہ دو خواتین سمیت چھ زخمی بھی ہوئے۔

واقعے کے خلاف شیعہ ہزارہ برادری کے لوگ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ان کی جانب سے مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

خوف و ہراس اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے شہر کے کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہوگئیں۔

شیعہ ہزارہ برادری کو اس سے قبل بھی ہدف بنا کر قتل کیے جانے کے علاوہ مہلک بم حملوں میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ایسے واقعات کی ذمہ داری عموماً کالعدم مذہبی تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں لیکن اس تازہ کشیدگی میں تاحال کسی بھی فرد یا گروہ کی طرف سے کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا۔

صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کئی سنجیدہ اقدامات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے ماضی کی نسبت صوبے میں صورتحال خاصی بہتر ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG