رسائی کے لنکس

لاہور: دھماکے میں ایک پولیس افسر ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بعض اطلاعات کے مطابق یہ دھماکا رکشے میں لگے گیس سیلنڈر کے پھٹنے سے ہوا جب کہ بعض جگہ اسے بجلی کے ٹرانسفارمر میں دھماکے کا شاخسانہ قرار دیا گیا۔

پاکستان کے شہر لاہور میں جمعہ کو دیر گئے ہونے والے ایک دھماکے میں پولیس کا ایک سب انسپکٹر ہلاک اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔

اس دھماکے کی نوعیت کے بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ دھماکا خودکش تھا لیکن حکام نے ابھی اس کی تصدیق نہیں کی۔

ہفتہ کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئےپنجاب پولیس کی ترجمان نبیلہ غضنفر کا کہنا تھا کہ ابھی تک تحقیقات جاری ہیں اور تاحال اس بارے میں کچھ بھی وثوق سے نہیں کہا جا سکتا۔

تاہم فیروز پور روڈ پر ہونے والے اس واقعے کے بارے میں مقامی ذرائع ابلاغ میں بتایا جا رہا ہے کہ ایک رکشے پر سوار خودکش بمبار کو پولیس انسپکڑ نے روکنے کی کوشش کی تو اسی دوران یہ دھماکا ہوا۔

دھماکے سے پولیس افسر موقع پر ہلاک ہو گیا جب کہ وہاں موجود متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

بعض اطلاعات کے مطابق یہ دھماکا رکشے میں لگے گیس سیلنڈر کے پھٹنے سے ہوا جب کہ بعض جگہ اسے بجلی کے ٹرانسفارمر میں دھماکے کا شاخسانہ قرار دیا گیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے دھماکے کے وقت جائے وقوع سے کچھ ہی فاصلے پر واقع قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور زمبابوے کے مابین دوسرا ایک روزہ میچ کھیلا جا رہا تھا۔

زمبابوے کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے یہاں سینکڑوں سکیورٹی اہلکار بھی تعینات رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG