رسائی کے لنکس

جنرل باجوہ کی ایران کی فوجی قیادت سے ملاقاتیں


ساتھ ہی، سرکاری ذرائع کے مطابق، پاکستان اور ایران نے فیلڈ کمانڈرز کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے، سرحدی گشت اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا ہے

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نےتہران میں ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حاتمی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ پاکستان اور ایران نے فیلڈ کمانڈرز کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے، سرحدی گشت اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ اس وقت ایران کے سرکاری دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے گذشتہ روز ایرانی صدر حسن روحانی سمیت اہم ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی وزیر دفاع اور پاسداران انقلاب کی سینیئر قیادت سے تہران کے ہیڈ کوارٹرز میں ملاقاتیں کیں۔ ایرانی وزیر دفاع نے دورے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔

ملاقات میں ایرانی وزیر دفاع نے پاکستان سے دفاعی تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی پالیسی پاکستان اور ہمسایہ ممالک سے تعلقات بڑھانا ہے اور پاکستان کیساتھ تعلقات خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو سرحد محفوظ بنانے کیے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران نے اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پر اتفاق کیا، پاکستان اور ایران نے فیلڈ کمانڈرز کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے، سرحدی گشت اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کیا جس میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی سرحد پر دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے سب کچھ کیا اور پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں، افغانستان میں داعش کا بڑھنا خطے کے لئے خطرناک ہے، خطے میں قیام امن کے لئے اس خطرے کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، میجر جنرل آصف غفور نے کہا جہاد کے اعلان کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے، مسلح افواج ریاست مخالف عناصر کے خلاف اس کے نفاذ کے لئے ریاست کا ہتھیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات کسی دوسرے ملک کے ساتھ تعلقات کی قیمت پر نہیں ہونگے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ایرانی فوج کے ترجمان نے دورہٴ ایران پر پاکستان کے فوجی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

XS
SM
MD
LG