رسائی کے لنکس

بلوچ عوام نے ریاست مخالف عناصر کو مسترد کر دیا: جنرل باجوہ


ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان کے روشن مستقبل کی راہ میں رُکاوٹ بننا چاہتے ہیں۔

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے ریاست کے خلاف برسر پیکار عناصر کو مسترد کر دیا ہے اور وہ دیگر صوبوں کے عوام کی طرح ملک اور اپنے صوبے کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔

پیر کو کوئٹہ میں بلوچ ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی بر وقت تکمیل اس پورے خطے کو ترقی اور خوشحالی کے نئے دور میں داخل کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان کے روشن مستقبل کی راہ میں رُکاوٹ بننا چاہتے ہیں۔

"مجھے انتہائی خوشی ہے کہ بلوچستان کے عوام اس حقیقت کو جانتے ہوئے تمام ملک دشمن عناصر کو مسترد کر چکے ہیں، وہ دن دور نہیں جب آپ (بلوچ بھائیوں) کی حب الوطنی اور یکجہتی کی بدولت نفرت اور دہشت کو استعمال کرنے والے یہ چند افراد اپنے انجام کو پہنچیں گے، اور بلوچستان نہ صرف امن کا گہوارہ، بلکہ ترقی اور خوشحالی کی مثال بنے گا"۔

جنرل باجوہ نے مزید کہا کہ "ہمارے وہ بھائی جو نہ سمجھی میں دشمن کی سازش کا شکار ہیں ہمارے دروازے ہمیشہ اُن کے لیے کھلے ہیں ہماری دشمنی صرف پاکستان کے دشمنوں سے ہے اور کسی سے نہیں۔"

فوج کے سر براہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے اس صوبے کے نوجوان ملک کے دفاع کے لیے کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔

’’افواج پاکستان ، ایف سی ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نا فذ کرنے والے ادارے قومی یکجہتی کی ضامن بھی ہیں اور علامت بھی، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو بطور افسر اور سپاہی پاک فوج ، ایف سی، پولیس اوردیگر اداروں میں شامل کیا گیا ہے‘‘

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک بڑا اور انتہائی اہم صوبہ ہے جو قدرتی وسائل سے مالامال اور اس کے عوام بے شمار صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ان کے بقول آنے والے وقتوں میں اس صوبے کے وسائل یہاں کے عوام کی ترقی کے لئے نئی راہیں کھولیں گے۔

XS
SM
MD
LG