رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں خودکش دھماکا ایک شخص ہلاک


اسلام آباد میں خودکش دھماکا ایک شخص ہلاک
اسلام آباد میں خودکش دھماکا ایک شخص ہلاک

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ کے کاروباری مرکزمیں پیر کی دوپہر ایک خودکش بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

اسلام آباد پولیس کے سربراہ واجد درانی نے میڈیا کو بتایا کہ کو خودکش بمبار ایک نجی بینک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا لیکن وہاں تعینات محافظ نے جونہی اُسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے جسم سے بندھے بارود میں دھماکا کر دیا۔

دھماکے سے ’سِلک بینک‘ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور زخمیوں میں عملے کے دو افراد بھی شامل ہیں۔

جائے وقوعہ سے پولیس کو حملہ آور کے جسم کے اعضا ملے ہیں اور حکام کے مطابق بظاہر اُس کی عمر 20 سال سے کم تھی۔

پیر کی سہ پہر ہونے والا یہ خودکش حملہ وفاقی دارالحکومت میں تقریباً ایک سال سے زائد عرصے میں ہونے والا پہلا واقعہ ہے۔

ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر اسلام آباد میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں کے علاوہ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی چیک پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے اور حکام ملک میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کو ان ہی کارروائیوں کا ردعمل قرار دیتے ہیں۔

دو روز قبل خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاورکے ایک تجارتی مرکز موٹر سائیکل پر سوار ایک خودکش بمبار نے کارروائی کرکے کم ازکم 35افراد کو ہلاک اور 100سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار اور امدادی کارکنوں کے علاوہ ایک صحافی بھی شامل ہیں جو ایک کم شدت کے دھماکے کے بعد یہاں پہنچے تھے کہ اسی اثنا میں ہونے والے دوسرے دھماکے کا نشانہ بن گئے۔

XS
SM
MD
LG