رسائی کے لنکس

ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا نیا کنٹریکٹ کسے ملے گا؟


انضمام الحق اور مکی آرتھر
انضمام الحق اور مکی آرتھر

پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے لیے مختلف سابقہ کھلاڑیوں نے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بورڈ کے ساتھ کنٹریکٹ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 تک ہے۔

ورلڈ کپ 2019 جہاں پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے امتحان ہے، وہاں چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے لیے بھی کسی امتحان سے کم نہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے کنٹریکٹ کے تحت موجودہ سلیکشن کمیٹی، بورڈ مینجمنٹ سمیت مکی آرتھر اور انضمام الحق موجودہ کرکٹ ورلڈ کپ تک ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔ ورلڈ کپ کے بعد ان کے معاہدوں کی توثیق ہوتی ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ کرکٹ بورڈ کرے گا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا تھا کہ اُن کا کرکٹ بورڈ سے معاہدہ ورلڈ کپ تک ہے۔ اس کے بعد معاہدے کی توثیق کرنا یا نہ کرنا بورڈ کی مرضی پر منحصر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ “ہمیں اچھے کی اُمید کرنی چاہیے اور برے کا گمان نہیں کرنا چاہیے۔ انشاءاللہ پاکستانی کرکٹ ٹیم، ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرے گی۔ اس کے بعد بورڈ کی مرضی کہ وہ کیا فیصلہ کرتا ہے”۔

مکی آرتھر بطور ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ 2016 سے کام کر رہے ہیں۔ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی تیاریوں کے دوران ایک موقع پر مکی آرتھر نے بتایا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ اُن کا معاہدہ ورلڈ کپ تک کا ہے، وہ ورلڈ کپ کے بعد اس پر سوچیں گے۔

“اس وقت میری ساری توجہ ورلڈ کپ پر ہے۔ ہم نے اچھی ٹیم تیار کی ہے۔ میں نے اپنے معاہدے کی توثیق کے متعلق پی سی بی سے کوئی بات کی نہ اس بارے سوچا۔ ورلڈ کپ کے بعد ہی پی سی بی سے اس پر بات ہو گی”۔

پی سی بی کے ایک اعلٰی عہدیدار نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان انگلینڈ کرکٹ بورڈ طرز پر بڑے ناموں کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔ عہدیدار کے مطابق نئے چیف سلیکٹر کے لیے کرکٹ بورڈ کی سابق کپتان عامر سہیل اور سابق کپتان راشد لطیف سے بات چل رہی ہے تاہم اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

عہدیدار کے مطابق اگر پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچ جاتی ہے تو مکی آرتھر کے معاہدے کی توثیق ہو سکتی ہے، لیکن اُنہیں ایسا لگتا ہے کہ انضمام الحق ایک پیغام کے ساتھ خود ہی اس عہدے سے الگ ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی تبدیلیوں کے بارے میں میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ پی سی بی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مکی آرتھر کے ساتھ ہے۔ اور یہ کہ بورڈ ورلڈ کپ کے بعد ہیڈ کوچ، چیف سلیکٹر اور پلیئر سپورٹ کے بارے میں غور کرے گا۔

XS
SM
MD
LG