رسائی کے لنکس

پاکستان کو بھارت سے کرکٹ سیریز کھیلنے کی اجازت مل گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بورڈ کی طرف سے جمعہ کو ایک مختصر بیان میں بتایا گیا کہ سرپرست اعلیٰ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے یہ اجازت جمعرات کو دی گئی تھی کہ دونوں ملکوں کی ٹیمیں سری لنکا میں محدود اوورز کی کرکٹ سیریز کھیل سکتی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ محدود اوورز کی سیریز کھیلنے کے لیے اسے حکومت سے اجازت مل گئی ہے لیکن اس سیریز کی تفصیلات بھارت کی طرف سے آمادگی کے بعد جاری کی جائیں گی۔

بورڈ کی طرف سے جمعہ کو ایک مختصر بیان میں بتایا گیا کہ سرپرست اعلیٰ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے یہ اجازت جمعرات کو دی گئی تھی کہ دونوں ملکوں کی ٹیمیں سری لنکا میں محدود اوورز کی کرکٹ سیریز کھیل سکتی ہیں۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کے تحت دونوں ملکوں نے 2015ء سے 2023ء تک چھ دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلنی ہیں جس کی پہلی سیریز آئندہ ماہ پاکستانی کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں ہونا تھی۔

لیکن بھارت کے کرکٹ بورڈ کا اصرار رہا کہ پاکستانی ٹیم یہ سیریز بھارت آ کر کھیلے لیکن جب یہ معاملہ کھٹائی میں پڑتا دکھائی دیا تو اس کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ یہ سیریز متحدہ عرب امارات کی بجائے کہیں اور کھیلی جائے۔

متبادل مقام کے لیے سری لنکا اور انگلینڈ کے نام سامنے آئے تھے لیکن اب کہا جا رہا ہے کہ یہ سیریز 15 دسمبر سے سری لنکا میں شروع ہو سکتی ہے۔

اس ضمن میں بھارتی بورڈ اپنی حکومت کی اجازت کا منتظر ہے اور پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی بورڈ کی طرف سے مثبت اشارہ ملنے کے بعد ہی اس سیریز کے نظام الاوقات کا اعلان کرے گا۔

بھارت نے 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط یکطرفہ طور پر ختم کر دیے تھے لیکن پھر 2012ء میں یہ تعلقات کچھ بحال ہوئے اور پاکستانی ٹیم سیریز کے لیے بھارت گئی۔

گزشتہ ماہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے عہدیداروں نے کرکٹ سیریز سے متعلق امور طے کرنے کے لیے ممبئی میں ملاقات کرنی تھی لیکن اس ملاقات سے قبل ہی ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے لوگوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور اس ملاقات کو منسوخ کرنے اور پاکستانی بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو واپس چلے جانے کے لیے دباؤ ڈالا۔

اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کا مستقبل ایک بار پھر خطرے میں پڑ گیا تھا۔

دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ مقابلے دنیائے کرکٹ میں خاصے مقبول ہیں جن میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ دیگر ملکوں کے شائقین کرکٹ بھی خوب دلچسپی لیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG