رسائی کے لنکس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر مستعفی ہوگئے


یاور سعید
یاور سعید

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے منیجر یاور سعید کی درخواست پر انہیں ان کے عہدے سے فارغ کردیا ہے جبکہ ان کے جانشین کیلیے مختلف ناموں پہ غور کیا جارہا ہے۔

پی سی بی کے میڈیا منیجر ندیم سرور نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ یاور سعید نے خود کو موجودہ ذمہ داری سے برخواست کرنے کی درخواست کی تھی جسے آج بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ سے ان سے ہونے والی ملاقات میں منظور کرلیا۔ ندیم سرور کے مطابق بورڈ ٹیم کے نئے منیجر کا اعلان جلد کرے گا۔

واضح رہے کہ یاور سعید کو پاکستان کرکٹ ٹیم کےحالیہ دورہ انگلینڈ میں ہونے والے تنازعات اور ان کی روک تھام میں ناکامی کے باعث شدید تنقید کا سامنا تھا اور گزشتہ ہفتے ملکی میڈیا میں ان کے استعفی کی افواہیں بھی گردش کرتی رہی تھیں۔

پاکستان اپنے حالیہ دورے کے دوران کھیلی جانے والی ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ سے شکست کھا گیا تھا۔ جبکہ ٹیم کے تین کھلاڑیوں پر لگنے والے اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ان پر پابندی عائد کیے جانے کے معاملے پر بھی پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید سامنا کرنا پڑا تھا۔

75 سالہ یاور سعید 70 کی دہائی سے مختلف اوقات میں کرکٹ بورڈ میں کئی اہم ذمہ داریوں پر فائز چلے آرہے تھے۔ جبکہ وہ رواں سال کے آغاز میں ہونے والے دورہ آسٹریلیا کے دوران پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کے جائزے کیلیے بورڈ کی جانب سے بنائی جانے والی اس انکوائری کمیٹی کے بھی رکن تھے جس کی سفارش پر ٹیم کے سات کھلاڑیوں پر پابندی اور جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

پیر کے روز جاری ہونے والے اپنے مختصر بیان میں یاور سعید کا کہنا تھا کہ وہ ذمہ داریوں سے فارغ ہونے کے معاملے پر گزشتہ چند روز سے غور و فکر میں مصروف تھے اور اس کے علاوہ وہ اپنے فیصلے پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

XS
SM
MD
LG